تاریخ اشاعت: November 19, 2026 - 4:01 PM
CDA Issues Show Cause Notice to Jinnah Garden Phase II Over Illegal Development Along Soan River
دریائے سواں کے کنارے مبینہ غیر قانونی تعمیرات پر سی ڈی اے کا جناح گارڈن فیز ٹو کو شوکاز نوٹس جاری
▫️ ہاؤسنگ اسکیم پر سی ڈی اے کے این او سی کے بغیر ترقیاتی کام اور منظورشدہ حدود سے باہر 1200 فٹ طویل دیوار کا ایک حصہ تعمیر کرنے کا الزام
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے زون فائیو میں کہوٹہ روڈ پر واقع جناح گارڈن فیز ٹو کو دریائے سواں کے کنارے مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور بغیر اجازت ترقیاتی سرگرمیوں پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق دریائے سواں کے کنارے تقریباً 1200 فٹ طویل دیوار تعمیر کی گئی ہے، جس کا 600 فٹ حصہ ہاؤسنگ اسکیم کی منظورشدہ حدود سے باہر واقع ہے۔ معائنے کے دوران اسٹیل ڈیک اسٹرکچر، غیر مجاز سائٹ آفس اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے مختص اراضی کو تفریحی مقام میں تبدیل کرنے کی نشاندہی بھی کی گئی۔ اس کے علاوہ تقریباً 400 کنال اراضی پر سڑکوں کی تعمیر اور پختگی کا کام کیا جا چکا ہے، جبکہ زمین ہموار کرنے کی سرگرمیاں بھی جاری تھیں۔
سی ڈی اے نے وفاقی ملازمین کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ وہ 10 روز کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔ سوسائٹی انتظامیہ کو ذاتی سماعت کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی دیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب نہ دینے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے، اراضی کے استعمال پر پابندی عائد کرنے اور پولیس کی معاونت سے کارروائی کی جا سکتی ہے۔