تاریخ اشاعت: May 25, 2026 - 9:35 AM
Government Prepares to End General Power Subsidy, Relief Proposed Only for Eligible Households
بجلی صارفین کی عمومی سبسڈی ختم کرنے کی تیاری، رعایت صرف مستحق گھرانوں تک محدود کرنے کی تجویز
▫️مجوزہ پالیسی کے تحت سبسڈی صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ یا غربت کے معیار پر پورا اترنے والے صارفین کو دی جائے گی
وفاقی حکومت نے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی عمومی سبسڈی کے نظام میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت آئندہ سال سے بجلی پر رعایت صرف مخصوص مستحق گھرانوں تک محدود کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے تمام صارفین کو دی جانے والی عمومی سبسڈی مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ مجوزہ اصلاحات کے بعد رعایت صرف ان صارفین کو حاصل ہو سکے گی جو حکومت کی مقرر کردہ مالی شرائط پر پورا اتریں گے۔
حکام کے مطابق یکم جنوری 2027 سے بجلی سبسڈی کا نیا نظام نافذ کرنے کی تجویز ہے، جس کے تحت صرف کم آمدنی والے اور مستحق گھرانے رعایت کے اہل ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے صارفین کی مالی حیثیت کا تعین حکومتی ڈیٹا، غربت کے معیار اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ پالیسی کے تحت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی صرف اسی صورت میں ملے گی جب وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوں یا حکومت کے مقرر کردہ غربت کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔
وزارت خزانہ میں سبسڈی کے موجودہ نظام پر نظرثانی کا عمل جاری ہے۔ حکام کا موقف ہے کہ موجودہ عمومی سبسڈی کے باعث ایسے صارفین بھی رعایت حاصل کر رہے ہیں جو مالی طور پر مستحق نہیں، اس لیے حکومت سبسڈی کو ہدفی بنیادوں پر صرف کمزور طبقے تک محدود کرنا چاہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت توانائی کے شعبے میں مالی بوجھ کم کرنے اور سبسڈی کو زیادہ مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کی منظوری کے بعد بجلی صارفین کے لیے سبسڈی کا طریقہ کار تبدیل ہو جائے گا، جبکہ رعایت کے اہل صارفین کی نشاندہی سرکاری ریکارڈ اور متعلقہ ڈیٹا بیس کے ذریعے کی جائے گی۔