تاریخ اشاعت: May 29, 2026 - 4:00 PM
Talks With IMF Enter Final Stage for Relief to Real Estate Sector
رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ریلیف دینے کیلئے آئی ایم ایف سے مذاکرات آخری مرحلے میں داخل
▫️آئندہ بجٹ میں پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی تجویز زیر غور
آئندہ مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ریلیف دینے کے لیے حکومتی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق حکومت جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کے لیے آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرگرمیوں کو بحال کیا جا سکے اور سرمایہ کاری کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر ٹیکس بوجھ کم کرنے کی خواہش رکھتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسوں کی شرح میں نرمی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور معاملات حتمی مرحلے میں ہیں۔ آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد پراپرٹی پر ودہولڈنگ ٹیکس اور پراپرٹی ریٹس میں کمی کو وفاقی بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق حکومت کا مؤقف ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ اس شعبے سے تعمیرات، روزگار، سرمایہ کاری اور دیگر منسلک صنعتوں کو بھی سہارا ملتا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں ممکنہ کمی کا مقصد رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں خرید و فروخت کو آسان بنانا، سرمایہ کاری بڑھانا اور تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق اگر آئی ایم ایف کی جانب سے منظوری مل جاتی ہے تو آئندہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے اہم ریلیف اقدامات شامل کیے جا سکتے ہیں، جن کے ذریعے مارکیٹ میں اعتماد بحال کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔