تاریخ اشاعت: June 3, 2026 - 3:45 PM
Federal Budget: Government Decides to Allocate Funds for Industrial Development Projects
وفاقی بجٹ میں صنعتی فروغ کے منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ
▫️پاکستان سٹیل ملز کی اراضی پر خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے 1ارب 52 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز، جیم سٹون سیکٹر کی بحالی، ایک ہزار انڈسٹریل سٹچنگ یونٹس اور کراچی انڈسٹریل پارک منصوبہ بھی بجٹ تجاویز میں شامل
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ اور پیداواری شعبے کی بحالی کے لیے مختلف اہم منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق صنعتی شعبے کو متحرک کرنے، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور چھوٹے و درمیانے درجے کے پیداواری یونٹس کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعدد منصوبے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے جا رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کی اراضی پر وفاقی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے منصوبے کے لیے ایک ارب 52 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس منصوبے کو صنعتی سرمایہ کاری، مینوفیکچرنگ سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور برآمدی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت کراچی میں پاکستان سٹیل ملز کی تقریباً 6 ہزار 400 ایکڑ اراضی وفاقی خصوصی اقتصادی زون کے لیے مختص کی جائے گی۔ دستاویزات کے مطابق سٹیل ملز کی اراضی اور کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون کے طور پر یکجا کرکے ترقی دی جائے گی۔ اس منصوبے کو کراچی انڈسٹریل پارک، وفاقی خصوصی اقتصادی زون، کا نام دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کراچی انڈسٹریل پارک پاکستان سٹیل ملز کی اراضی پر تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مجموعی رقبہ 1500 ایکڑ ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اس صنعتی پارک کے بلاک اے کو 500 ایکڑ رقبے پر تیار کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں بنیادی انفراسٹرکچر، صنعتی پلاٹس، رابطہ سڑکوں، یوٹیلٹیز اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولتوں کی فراہمی پر کام متوقع ہے۔
بجٹ تجاویز میں جیم سٹون سیکٹر کی بحالی کے نئے منصوبے کے لیے 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس منصوبے کا مقصد قیمتی پتھروں کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا، ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا، مقامی کاریگروں اور کاروباری افراد کو سہولت دینا اور برآمدی آمدن میں اضافہ کرنا ہے۔
اسی طرح ایک ہزار انڈسٹریل اسٹچنگ یونٹس کے منصوبے کے لیے 30 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سے وابستہ چھوٹے پیداواری یونٹس کو فروغ ملے گا، جبکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔
صنعتی ماہرین کے مطابق اگر ان منصوبوں پر شفافیت، بروقت عمل درآمد اور سرمایہ کار دوست پالیسی کے تحت پیش رفت کی گئی تو کراچی سمیت ملک کے صنعتی شعبے میں نئی سرگرمی پیدا ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر پاکستان سٹیل ملز کی وسیع اراضی کو پیداواری مقاصد کے لیے استعمال کرنا صنعتی بحالی اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔