تاریخ اشاعت: June 9, 2026 - 5:30 PM
NAB Announces Historic Reforms to Eliminate Fraud, File Culture and Non Transparent Transactions in Real Estate Sector
نیب کا رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں فراڈ، فائل کلچر اور غیر شفاف لین دین کے خاتمے کیلئے تاریخی اصلاحات لانے کا اعلان
▫️آئندہ منصوبوں میں پلاٹس اور ملکیت کی منتقلی ریگولیٹر کے ذریعے ہوگی، نقد لین دین کی حوصلہ شکنی اور ادائیگیاں بینکنگ چینلز سے کرنے کی تجویز
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے لیے جامع اور تاریخی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ ان کے مطابق فراڈ، فائل کلچر اور غیر شفاف لین دین کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو ایک شفاف، منظم اور قابل اعتماد نظام کے تحت لایا جا سکے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ آئندہ رئیل اسٹیٹ منصوبوں میں پلاٹس اور ملکیت کی منتقلی کا نظام ریگولیٹر کے ذریعے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور تمام ادائیگیاں بینکنگ چینلز کے ذریعے کرنے کو ترجیح دی جائے گی، تاکہ سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ اور مالی معاملات کی مکمل ٹریکنگ ممکن ہو سکے۔
چیئرمین نیب کے مطابق کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں فروخت ہونے والے پلاٹس کی تعداد اصل دستیاب پلاٹس سے زیادہ نہیں ہو سکے گی۔ ہر پلاٹ کی باقاعدہ شناخت موجود ہوگی، جس سے جعلی فائلوں، ایک ہی پلاٹ کی متعدد فروخت اور غیر قانونی بکنگ جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کوشش ہے کہ احتساب کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جائے۔
اجلاس سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل اور ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر اور نیب کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ چیئرمین نیب نے لاہور چیمبر میں قائم نیب ایگزیکٹو فیسلیٹیشن آفس کا افتتاح بھی کیا اور چیمبر کے احاطے میں پودا لگایا۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کاروباری برادری کو پاکستان کی معیشت کے لیے انجن آف گروتھ سمجھتا ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا مقصد کاروباری طبقے کو بلاوجہ مشکلات میں ڈالنا نہیں بلکہ بدعنوانی، فراڈ اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ شفافیت، انصاف اور قانون کی حکمرانی مضبوط معیشت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں گورننس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولت، اعتماد اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔
چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر کام جاری ہے جن میں منی لانڈرنگ کی روک تھام اور معلومات کے تبادلے جیسے معاملات شامل ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ مثبت پیش رفت ہوئی ہے، تاہم بعض ممالک کے ساتھ ابھی رکاوٹیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑے مالیاتی مراکز، جن میں سنگاپور اور ہانگ کانگ بھی شامل ہیں، میں منتقل ہونے والی رقوم کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ غیر قانونی مالی منتقلی کا سلسلہ روکا جا سکے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری آنا شروع ہو گئی ہے، اگر یہ رجحان برقرار رہا تو ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔