تاریخ اشاعت: February 23, 2026 - 11:52 AM
Security intensified across urban and religious sites in Balochistan ahead of Ramazan prayers
رمضان المبارک کے دوران بلوچستان میں مساجد، رہائشی علاقوں اور شہری تنصیبات کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت
▫️ مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور اہم شہری مقامات کی نگرانی بڑھانے کا حکم ▫️ عمارتوں، پارکنگ ایریاز اور داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت
کوئٹہ | ری نیوز پاکستان بلوچستان پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد طاہر نے صوبے بھر کے تمام رینج ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران تراویح کے اجتماعات کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں اور ملحقہ ر...
بلوچستان پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد طاہر نے صوبے بھر کے تمام رینج ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران تراویح کے اجتماعات کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں اور ملحقہ رہائشی علاقوں سمیت شہری تنصیبات کی جامع سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ گنجان آباد رہائشی علاقوں، مرکزی شاہراہوں، کمرشل مراکز اور عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ شہری املاک، عبادت گاہوں اور عوامی مقامات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ داخلی اور خارجی راستوں، پارکنگ مقامات اور اہم عمارتوں کی نگرانی بڑھانے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے۔
احکامات میں کثیر المنزلہ عمارتوں، چھتوں، حساس تنصیبات اور شہری انفراسٹرکچر کی مسلسل نگرانی شامل ہے، جبکہ گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور اہم شہری علاقوں میں پولیس کی موجودگی بڑھانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
پولیس کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی انتظامیہ، مسجد انتظامیہ اور کمیونٹی نمائندگان کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ عبادت گاہوں اور رہائشی علاقوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور رمضان المبارک کے دوران شہری نظم و نسق اور عوامی تحفظ برقرار رہے۔