تاریخ اشاعت: February 24, 2026 - 1:04 PM
Punjab Approves Free Ambulance Service for Deceased Persons Across All Tehsils
پنجاب کے تمام تحصیلوں میں میتوں کی منتقلی کے لیے مفت ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری
▫️ ہر تحصیل اور بڑے سرکاری ہسپتال میں سرکاری گاڑی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ▫️ شہری 1122 ہیلپ لائن یا ہسپتال ہیلپ ڈیسک کے ذریعے صوبہ بھر میں مفت سہولت حاصل کر سکیں گے
لاہور | ری نیوز پاکستان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ پنجاب کے تمام تحصیلوں میں سرکاری ہسپتالوں سے میتوں کو ان کے گھروں تک منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کے تحت شہری اور دیہی دونوں...
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ پنجاب کے تمام تحصیلوں میں سرکاری ہسپتالوں سے میتوں کو ان کے گھروں تک منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کے تحت شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں یکساں طور پر سہولت فراہم کی جائے گی، تاکہ ہر تحصیل کی سطح پر عوام کو فوری اور باوقار خدمات میسر آ سکیں۔
یہ منظوری ایک خصوصی اجلاس کے دوران دی گئی جس میں صوبہ بھر میں عوامی سہولیات اور ہسپتالوں سے متعلق معاون خدمات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل میں مخصوص سرکاری گاڑیوں کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ فوری طور پر پیش کیا جائے اور اس سروس کو مرحلہ وار پورے صوبے میں فعال بنایا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ ہر تحصیل میں کم از کم ایک سرکاری گاڑی دستیاب ہوگی، جس کے ذریعے میتوں کی ہسپتال سے گھر تک منتقلی یقینی بنائی جائے گی۔ شہری اس مفت سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکیں گے یا متعلقہ ہسپتالوں میں قائم ہیلپ ڈیسک پر درخواست جمع کرا سکیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اس اقدام کو عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سروس کے ذریعے صوبے کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں یکساں معیار کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں نجی ایمبولینس سروسز کو ضابطہ کار میں لانے اور ان کے کرایوں کو باقاعدہ بنانے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا، تاکہ عوام کو منظم، شفاف اور قابلِ رسائی خدمات فراہم کی جا سکیں۔