تاریخ اشاعت: March 2, 2026 - 11:39 AM
Revised FBR property valuations trigger tax uncertainty in Islamabad’s installment-based transactions
ایف بی آر کی نئی ویلیوایشن سے اقساط پر جائیداد کی خریدوفروخت میں ٹیکس ابہام
▫️ ماہرین کی جانب سے ایڈوانس ٹیکس قوانین پر فوری وضاحت کا مطالبہ ▫️ خریدار، فروخت کنندگان اور ڈویلپرز مالی مشکلات سے دوچار
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے اسلام آباد میں جائیداد کی نئی ویلیوایشن نافذ ہونے کے بعد اقساط پر ہونے والی خریدوفروخت میں ٹیکس سے متعلق الجھن پیدا ہوگئی ہے، جس کے باعث خریداروں، فروخت کنندگان ...
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے اسلام آباد میں جائیداد کی نئی ویلیوایشن نافذ ہونے کے بعد اقساط پر ہونے والی خریدوفروخت میں ٹیکس سے متعلق الجھن پیدا ہوگئی ہے، جس کے باعث خریداروں، فروخت کنندگان اور ڈویلپرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سینئر رئیل اسٹیٹ تجزیہ کار محمد احسن ملک نے ایف بی آر چیئرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 236C اور 236K کے تحت ایڈوانس ٹیکس کی درست شرح اور طریقہ کار واضح کیا جائے، کیونکہ نئی ویلیوایشن کے بعد مختلف تشریحات سامنے آ رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق رہائشی اور کمرشل پلاٹس کی بڑی تعداد اقساط پر فروخت ہوتی ہے، جہاں ادائیگیاں دو سے تین سال میں مکمل ہوتی ہیں۔ پہلے ہر قسط پر خریدار ایڈوانس ٹیکس جمع کرواتا تھا، تاہم نئی ویلیوایشن کے بعد بعض ڈویلپرز مکمل نئی سرکاری قیمت کے مطابق ٹیکس طلب کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے فروخت کنندگان پر ایسے منافع پر بھی ٹیکس لگنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جو ابھی حاصل ہی نہیں ہوا، کیونکہ پلاٹ کا قبضہ اور مکمل ادائیگی ابھی باقی ہوتی ہے۔
مارکیٹ حلقوں نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری وضاحتی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ٹیکس قوانین یکساں طریقے سے لاگو ہوں اور جاری لین دین میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال ختم کی جا سکے۔