تاریخ اشاعت: March 9, 2026 - 11:10 AM
KP Govt Supports Federal–Provincial Consultations on Fuel Supply Situation
پیٹرول کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے صوبوں سے مشاورت کا عمل جاری.
▫️خیبر پختونخوا حکومت کا وفاق کو تحریری تجاویز ارسال کرنے کا اعلان. ▫️ پیٹرول پمپس کی نگرانی کے لیے صوبائی سطح پر مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم.
پشاور | ری نیوز پاکستان خیبر پختونخوا کی حکومت نے پیٹرول کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیش نظر وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت کے عمل کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ اس حوالے سے اپنی باقاعدہ تجاویز بھی وفاق کو ارسال کرے گا۔ صوبائی ...
خیبر پختونخوا کی حکومت نے پیٹرول کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیش نظر وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت کے عمل کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ اس حوالے سے اپنی باقاعدہ تجاویز بھی وفاق کو ارسال کرے گا۔
صوبائی حکومت کے مطابق اگر عالمی حالات مزید خراب ہوئے تو ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔
صوبائی قیادت نے کہا کہ حکومت کی ترجیح عوامی مفاد کا تحفظ ہے اور اسی مقصد کے تحت مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبے بھر کے پیٹرول پمپس کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے ایندھن کی دستیابی پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ذخیرہ اندوزی یا سپلائی میں تعطل کی صورت میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس نظام کے ذریعے حقیقی وقت میں پیٹرول کی دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکتا ہے، جس سے ایندھن کی منصفانہ تقسیم اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
صوبائی حکومت کے مطابق اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری کی پالیسی بھی اختیار کی گئی ہے، جس کے تحت غیر ملکی دوروں اور نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔