تاریخ اشاعت: March 19, 2026 - 2:30 PM
Renovation Work Underway at Shrine of Baba Farid
بابا فریدؒ کے مزار کی بحالی و تزئین کا کام جاری
▫️زائرین کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح قرار
پاکپتن | ری نیوز پاکستان صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار کی بحالی، مرمت اور تزئین و آرائش کے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ا...
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار کی بحالی، مرمت اور تزئین و آرائش کے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ مزار کی مرکزی عمارت اور احاطے کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جس میں تعمیراتی مضبوطی کے ساتھ ساتھ خوبصورتی اور تاریخی طرزِ تعمیر کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بحالی کے تمام مراحل میں اصل تاریخی شناخت اور روحانی تقدس کو برقرار رکھا جائے، جبکہ جدید سہولیات کو بھی ہم آہنگ انداز میں شامل کیا جائے تاکہ زائرین کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور درباروں کی بحالی کے منصوبے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
ملک صہیب احمد بھرتھ کا مزید کہنا تھا کہ مزار پر آنے والے زائرین کیلئے بہتر سہولیات، صفائی، روشنی اور آمد و رفت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد مزار کا ماحول مزید پرکشش اور سہل ہوگا، جس سے زائرین کو روحانی سکون کے ساتھ بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔