تاریخ اشاعت: May 9, 2026 - 12:58 PM
کیا رئیل اسٹیٹ شعبے کو دیا گیا ریلیف عام آدمی تک بھی پہنچ پائے گا؟
کیا رئیل اسٹیٹ شعبے کو دیا گیا ریلیف عام آدمی تک بھی پہنچ پائے گا؟
اس میں کوئی شک نہیں کہ کنسٹرکشن اور پراپرٹی سیکٹر معیشت کا ایک اہم ستون ہے۔ سیمنٹ، سریا، اینٹوں، ٹائلز، پینٹس، فرنیچر اور ٹرانسپورٹ سمیت درجنوں صنعتیں اس سیکٹر سے جڑی ہوئی ہیں۔ جب تعمیرات بڑھتی ہیں تو مزدور، مستری، الیکٹریشن اور چھوٹے کاروباری افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں معاشی سست روی کے دوران تعمیراتی شعبے کو سہارا دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
لیکن پاکستان کا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں رئیل اسٹیٹ اکثر حقیقی ہاؤسنگ ضرورت کے بجائے سرمایہ کاری اور منافع خوری کا ذریعہ بن چکا ہے۔ ماضی کی طرح اس بار بھی خدشہ یہی ہے کہ زیادہ تر ریلیف بڑے سرمایہ کاروں، ڈویلپرز اور بڑے پلاٹ مالکان کو فائدہ دے گا، جبکہ متوسط طبقہ صرف تماشائی بن کر رہ جائے گا۔
سیون ای ٹیکس کے خاتمے سے بلاشبہ سرمایہ کاروں کو فائدہ ہوگا، مگر اس کے نتیجے میں پلاٹس کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب تعمیراتی لاگت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ عام آدمی کیلئے گھر بنانا تقریباً ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ ایک وقت تھا جب پلاٹ اور تعمیرات کی لاگت تقریباً برابر ہوتی تھی، مگر آج تعمیرات کا خرچہ پلاٹ کی قیمت سے کئی گنا زیادہ ہو چکا ہے۔
تشویشناک پہلو جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا پھیلاؤ بھی ہے۔ ہزاروں غیر قانونی سکیمیں عوام کی زندگی بھر کی جمع پونجی ہڑپ کر چکی ہیں۔ اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو صرف ٹیکس چھوٹ کافی نہیں، بلکہ شفاف نظام، سخت نگرانی اور فراڈ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ عام آدمی اس وقت گھر بنانے نہیں بلکہ گھر چلانے کی فکر میں مبتلا ہے۔ بڑھتی مہنگائی، کم ہوتی قوتِ خرید اور بے روزگاری نے متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ ایسے میں صرف پراپرٹی سیکٹر کو سہارا دینا کافی نہیں ہوگا۔ معیشت کی حقیقی بہتری اس وقت آئے گی جب صنعت، روزگار اور پیداوار کو بھی یکساں اہمیت دی جائے گی۔