تاریخ اشاعت: April 15, 2026 - 5:47 PM
Business Community Supports CDA Decision to Maintain Property Tax Rates in Islamabad
بزنس کمیونٹی کا سی ڈی اے کی طرف سے اسلام آباد میں پراپرٹی ٹیکس برقرار رکھنے کے فیصلے کا خیر مقدم
▫️آئی سی سی آئی کا فیصلہ کاروبار دوست قرار، ٹیکس نیٹ بڑھانے پر زور
اسلام آباد : ری نیوز پاکستان کاروباری برادری نے وفاقی دارالحکومت میں پراپرٹی ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رکھنے کے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے متوازن اور ترقی دوست اقدام قرار دیا ہے۔ اسلام...
کاروباری برادری نے وفاقی دارالحکومت میں پراپرٹی ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رکھنے کے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے متوازن اور ترقی دوست اقدام قرار دیا ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے سی ڈی اے چیئرمین سہیل اشرف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کی پالیسی ایک مثبت اور پائیدار حکمتِ عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو کلیکشن کے نظام میں بہتری اور سٹرکچرل خامیوں کو دور کرنا زیادہ مؤثر حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری افراد پر مزید بوجھ ڈالنے سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے سے ایک منصفانہ اور طویل المدتی ریونیو ماڈل تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی آئی صدر نے نئے سی ڈی اے چیئرمین پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے وہ اسلام آباد کے تجارتی مراکز اور صنعتی علاقوں میں تاجروں کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل پر توجہ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کا انحصار بہتر انفراسٹرکچر، آسان کاروباری طریقہ کار اور معاون پالیسیوں پر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر سی ڈی اے کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو ایک مضبوط اور مسابقتی کاروباری مرکز بنانے کیلئے کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد سی ڈی اے چیئرمین کو کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کیلئے مدعو کیا جائے گا تاکہ اہم مسائل پر بات چیت کے ذریعے بہتر رابطہ کاری اور حل تلاش کیا جا سکے۔