تاریخ اشاعت: February 26, 2026 - 12:44 PM
CDA, ADB Discuss Joint Strategy to Tackle Air Pollution in Islamabad
سی ڈی اے اور اے ڈی بی کے درمیان اسلام آباد میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی پر مشاورت
▫️ فضائی آلودگی میں کمی، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری اور پائیدار ماحولیاتی پالیسیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال.
اسلام آباد: حسنین اولکھ، نمائندہ خصوصی | ری نیوز پاکستان کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد ہیڈکوارٹرز میں بدھ کے روز چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کے درمیان اہم اجلاس منعقد ہو...
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد ہیڈکوارٹرز میں بدھ کے روز چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کے درمیان اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کے تدارک، ماحولیاتی تحفظ کے فروغ اور ایئر کوالٹی میں بہتری سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ڈی بی کے وفد میں سینئر فنانشل اکانومسٹ اینڈریو مک کارٹنی اور بینک کی اربن ٹیم کے ماہرین شامل تھے، جبکہ سی ڈی اے کے سینئر افسران، بشمول ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈائریکٹر جنرل ریسورسز اور ڈائریکٹر جنرل ماحولیات بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں فضائی آلودگی پر قابو پانے، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری اور پائیدار ماحولیاتی پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد میں ماحولیاتی تحفظ، خصوصاً فضائی آلودگی میں کمی، ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت کے گرین کور کے تحفظ اور توسیع کیلئے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ آئی سی ٹی انتظامیہ کے اشتراک سے ماحول دوست منصوبوں اور پالیسی اصلاحات پر عمل درآمد جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے آگاہ کیا کہ الیکٹرک وہیکل ریگولیشنز پر گزشتہ سال سے عمل درآمد شروع کیا جا چکا ہے، جس کے تحت الیکٹرک ٹرانسپورٹ سسٹم اور چارجنگ اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر سے آلودگی میں کمی کیلئے گاڑیوں کے کاربن اخراج کی ٹیسٹنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مستند AQI ڈیٹا کی فراہمی کیلئے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کے تعاون سے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز نصب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اے ڈی بی کاربن اخراج میں کمی کے منصوبوں کیلئے کاربن کریڈٹس کے حصول میں معاونت فراہم کر سکتا ہے۔
اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ اور اسلام آباد کے پہلے سائنسی لینڈ فل سائٹ کے قیام سے متعلق پیش رفت بھی شیئر کی گئی، جبکہ ان ماحول دوست اقدامات میں اے ڈی بی کی تکنیکی معاونت کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ قومی کلین ایئر پالیسی (NCAP) کے تحت اسلام آباد کیلئے جامع ایکشن پلان کی تیاری، کاربن اخراج کے ڈیٹا سسٹمز میں بہتری اور گورننس و پالیسی فریم ورک کو مضبوط بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
اے ڈی بی وفد نے ٹرانسپورٹ، صنعت، شہری فضائی آلودگی، کھلے عام کچرا جلانے، ذراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں ترجیحی اصلاحات اور عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے گرین فنانس پلیٹ فارمز کے استعمال اور کاربن کریڈٹ مارکیٹس تک رسائی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ڈی بی نے کثیر مرحلہ جاتی معاونتی پروگرامز کے ذریعے تعاون بڑھانے کی آمادگی ظاہر کی۔
اجلاس کے اختتام پر سی ڈی اے اور اے ڈی بی کے درمیان فضائی آلودگی کے خاتمے، اسلام آباد کے AQI میں بہتری اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ کیلئے تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا اور اسلام آباد کو ملک بھر میں ماحولیاتی تحفظ کے ایک مثالی شہر کے طور پر متعارف کرانا ہے۔