تاریخ اشاعت: June 11, 2026 - 11:38 AM
CDA Approves Establishment of Three New Bodies in Islamabad
سی ڈی اے : اسلام آباد میں تین نئے اداروں کی منظوری دیدی گئی
▫️صفائی، پارکس اور پانی کے انتظام کیلئے خصوصی ادارے قائم کیے جائیں گے، ماحولیات ونگ کے تحت پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی بھی منظوری
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ نے وفاقی دارالحکومت میں شہری خدمات کو بہتر بنانے کے لیے تین نئے شہری اداروں کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ سی ڈی اے کے چیئرمین ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سہیل اشرف کی زیر صدارت ہونے والے بورڈ اجلاس میں کیا گیا، جس میں مختلف انتظامی اور پالیسی امور پر غور کے بعد متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
نئی ایجنسیوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی اسلام آباد اور اسلام آباد واٹر ایجنسی شامل ہوں گی۔ یہ ادارے سی ڈی اے کے ماتحت کام کریں گے، تاہم انہیں اپنے متعلقہ شعبوں میں زیادہ مؤثر کارکردگی کے لیے انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی۔
اس تنظیم نو کا مقصد بلدیاتی خدمات کو مزید منظم بنانا اور صفائی، شہر میں گرینری اور پانی کے انتظام کے شعبوں پر ادارہ جاتی توجہ کو مضبوط کرنا ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں اس کے علاوہ ماحولیات ونگ کے تحت ایک پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ یونٹ ترقیاتی منصوبوں کو سی ڈی اے کے انجینئرنگ ونگ کی براہِ راست مداخلت کے بغیر خودمختار انداز میں مکمل کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔
یہ تجویز ممبر ماحولیات عبداللہ خرم نیازی کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جسے بورڈ نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات اسلام آباد میں شہری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔