تاریخ اشاعت: February 25, 2026 - 3:01 PM
CDA Board Approves ICT Urban Regeneration Regulations 2025, Reviews Model Graveyard Plan
سی ڈی اے بورڈ نے آئی سی ٹی شہری بحالی و ترقی کے قواعد و ضوابط 2025 کی منظوری دے دی، ماڈل قبرستان کے مجوزہ ڈیزائن پر بھی غور
▫️ ان قواعد و ضوابط کا بنیادی ہدف اسلام آباد کی پہلے سے منظور شدہ کچی آبادیوں کو قانونی دائرہ کار میں لاتے ہوئے ان کی اپ گریڈیشن، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے
اسلام آباد: حسنین اولکھ، نمائندہ خصوصی | ری نیوز پاکستان اسلام آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا دوسرا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ یون...
اسلام آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا دوسرا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ یونیورسٹی آف پنجاب کے وائس چانسلر نے اجلاس میں بذریعہ زوم شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بورڈ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات اور سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کے تحت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اربن ری جنریشن/رینیوئل (ریگولیشن، اپ گریڈیشن اینڈ ری لوکیشن) ریگولیشنز 2025 کی منظوری دی۔ ان قواعد و ضوابط کا مقصد اسلام آباد کی حدود میں پہلے سے تسلیم شدہ کچی آبادیوں کو قانون کے مطابق ریگولرائز اور اپ گریڈ کرنا ہے۔
بتایا گیا کہ ان آبادیوں کو وفاقی حکومت نے 1995 سے 2004 کے دوران باقاعدہ قرار دیا تھا، جبکہ 31 دسمبر 2002 تک کیے گئے سروے میں درج رہائشیوں کو ہی قانونی مستحقین تصور کیا جائے گا۔ سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ کے اسپیشل ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے تازہ سروے کیے جائیں گے تاکہ اپ گریڈیشن، ری سیٹلمنٹ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے تیار کیے جا سکیں۔ اس اقدام میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، خوبصورتی کے اقدامات اور ان آبادیوں کو اسلام آباد کے باقاعدہ شہری منصوبہ بندی فریم ورک میں شامل کرنا بھی شامل ہے۔
اجلاس میں پنڈوریاں کے مقام پر بڑھتی ہوئی شہری آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ماڈل قبرستان کے ڈیزائن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ مجوزہ قبرستان میں کشادہ نمازِ جنازہ ہال، وضو خانے، عوامی بیت الخلاء، پارکنگ کی سہولت، ایمبولینس و مردہ بردار گاڑیوں کی سروس، سی سی ٹی وی نگرانی اور جدید تعمیراتی معیارات کو یقینی بنایا جائے۔