تاریخ اشاعت: November 21, 2026 - 11:01 AM
CDA Completes Over 68% Development Work in Islamabad’s Sector E 12, Begins Handover of Residential Plots
اسلام آباد کے سیکٹر ای 12 میں 68 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل، رہائشی پلاٹس کا قبضہ الاٹیوں کے حوالے کرنے کا عمل شروع
▫️ سی ڈی اے نے 1135 کنال اراضی غیر قانونی قبضے سے واگزار کرا لی، چیئرمین سہیل اشرف کی باقی ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر ای 12 میں 68 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کر لیے ہیں، جہاں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر تقریباً چار دہائیوں سے تاخیر کا شکار تھی۔
سیکٹر کے چاروں سب سیکٹرز میں سڑکوں کی تعمیر جاری ہے، جبکہ ای 12 ون کی 25، ای 12 ٹو کی 31 اور ای 12 تھری کی 15 گلیوں میں ٹرپل سرفیس ٹریٹمنٹ (ٹی ایس ٹی) کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ای 12 فور سمیت باقی علاقوں میں زمین ہموار کرنے، سڑکوں کی بنیادوں، نکاسی آب اور سیوریج کے نظام پر کام جاری ہے۔ خیابانِ اقبال سروس روڈ اور ملحقہ مارگلہ روڈ پر اسفالٹ بچھانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، جبکہ بجلی کی زیرِ زمین تنصیبات پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے نے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے تقریباً 1135 کنال اراضی غیر قانونی قبضے سے واگزار کرا لی ہے۔ سیکٹر میں گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور شجرکاری کا عمل بھی جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے متعلقہ حکام کو باقی مسائل فوری حل کرنے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے رہائشی سیکٹرز کی تعمیر اور بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی وفاقی دارالحکومت کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔