تاریخ اشاعت: April 10, 2026 - 10:07 AM
CDA Cuts Property Transfer Fee to 1% to Boost Real Estate Activity in Islamabad
سی ڈی اے نے ٹرانسفر فیس 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد مقرر کر دی
▫️اسلام آباد میں جائیداد منتقلی فیس میں نمایاں کمی سے سرمایہ کاری کو فروغ ملنے کی توقع
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اپنے دائرہ اختیار میں واقع جائیدادوں کی منتقلی پر فیس میں نمایاں کمی کر دی ہے، جس کے تحت ٹرانسفر فیس کو تین فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کر دیا گیا ہے۔ یہ فیس فیڈرل بورڈ ...
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اپنے دائرہ اختیار میں واقع جائیدادوں کی منتقلی پر فیس میں نمایاں کمی کر دی ہے، جس کے تحت ٹرانسفر فیس کو تین فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کر دیا گیا ہے۔ یہ فیس فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے مقررہ جائیداد کی مالیت کے مطابق وصول کی جائے گی۔
یہ فیصلہ جمعرات کو سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کی۔ اجلاس میں بورڈ کے دیگر ارکان نے بھی شرکت کی، جہاں مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق ٹرانسفر فیس میں کمی سے نہ صرف خریداروں اور فروخت کنندگان کو مالی ریلیف ملے گا بلکہ اسلام آباد میں رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سہیل اشرف کا کہنا تھا کہ ٹیکس بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد کو ثقافتی اور سیاحتی مرکز بنانے کے لیے کری ایٹو کنسلٹنٹ (سٹی کیوریٹر) کی خدمات حاصل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ بتایا گیا کہ اس ضمن میں تمام قانونی اور خریداری کے تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ چیئرمین نے اسے شہر کی سیاحت کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے پارکس اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔
مزید برآں، بورڈ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں (پیکیجز I اور II) کو آؤٹ سورس کرنے کے عمل پر بھی غور کیا۔ متعلقہ کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں موجودہ پراکیورمنٹ عمل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ نے دیگر شہروں کے کامیاب ماڈلز کا جائزہ لے کر ایک مؤثر، پائیدار اور فوری ویسٹ مینجمنٹ نظام متعارف کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔