تاریخ اشاعت: August 3, 2026 - 12:13 PM
CDA Launches Construction of New Six Lane Corridor Along Islamabad Expressway
سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے ساتھ نئی چھ رویہ شاہراہ کی تعمیر شروع کردی
▫️فیض آباد سے گلبرگ گرینز تک 8.5 کلومیٹر طویل سڑک میں فلائی اوور اور انڈر پاس بھی شامل ہوں گے، منصوبے سے ٹریفک دباؤ کم اور رابطہ بہتر ہونے کی توقع
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے مشرقی جانب نئی چھ رویہ شاہراہ کی تعمیر شروع کردی ہے۔ منصوبے کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور اسلام آباد / راولپنڈی کے درمیان سڑک رابطے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
8.5 کلومیٹر طویل یہ شاہراہ موجودہ سروس روڈ کی جگہ تعمیر کی جائے گی اور فیض آباد سے گلبرگ گرینز تک پھیلی ہوگی۔ منصوبے میں فیض آباد کے مقام پر ایک فلائی اوور بھی شامل ہے، جو نئی شاہراہ کو اسلام آباد ایکسپریس وے سے منسلک کرے گا، جبکہ لہتراڑ روڈ اور کھنہ پل کے سنگم پر ایک انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کی جگہ کا دورہ کیا اور سی ڈی اے حکام کو تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے میں شفافیت اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اسے پہلے سے مقررہ ایک سال کی مدت کے بجائے چند ماہ میں مکمل کیا جائے۔
وزیر داخلہ کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور جڑواں شہروں کے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔
سی ڈی اے نے منصوبے کا تعمیراتی ٹھیکہ ایم ایس لیمر کو دیا ہے، جس نے 6 ارب روپے کی تخمینی لاگت سے 13 فیصد کم بولی جمع کرائی تھی۔
حکام کے مطابق سڑک کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ باقاعدہ تعمیراتی کام سے قبل سائٹ کلیئرنس اور یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی جاری ہے۔ منصوبے کے راستے میں آنے والی تقریباً 200 قبروں کو بھی تعمیراتی کام شروع ہونے سے پہلے دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر تعمیراتی سرگرمیاں مکمل رفتار سے جاری رہیں تو منصوبہ تقریباً 150 ورکنگ دنوں میں مکمل ہوسکتا ہے، تاہم اس کی باقاعدہ منظور شدہ تکمیلی مدت ایک سال ہی ہے۔
سی ڈی اے نئی شاہراہ کے ساتھ ایک کمرشل پٹی قائم کرنے پر بھی غور کررہا ہے۔ حکام کے مطابق مستقبل میں پلاٹوں کی نیلامی کے ذریعے اس تجارتی منصوبے سے خاطر خواہ آمدن حاصل کی جاسکتی ہے۔