تاریخ اشاعت: March 26, 2026 - 5:00 PM
CDA Rolls Out Major Water Plan With Recharge Wells, Storage Tanks
سی ڈی اے کا اسلام آباد میں پانی کے نظام کی بہتری کے لیے بڑا منصوبہ
▫️ جدید مانیٹرنگ سسٹم اور سخت عملدرآمد سے سروس بہتر بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ متعارف کرا دیا ہے، جس میں زیرِ زمین پانی کی بحالی، بارش کے پانی کا ذخیرہ، انفراسٹرکچر کی اپ گ...
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ متعارف کرا دیا ہے، جس میں زیرِ زمین پانی کی بحالی، بارش کے پانی کا ذخیرہ، انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور سخت نگرانی شامل ہے۔
یہ منصوبہ سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں زیر غور آیا، جس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کی۔ اجلاس میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور اہم منصوبوں کے لیے ٹائم لائنز طے کی گئیں۔
منصوبے کے تحت شہر بھر میں تقریباً 100 ری چارج ویلز (کنویں) تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر ہو اور بارش کا پانی ضائع نہ ہو۔ اس کے علاوہ مختلف سیکٹرز میں 20 کے قریب واٹر اسٹوریج ٹینکس بھی بنائے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ واٹر ورکس، پائپ لائنز، ٹریٹمنٹ پلانٹس اور پمپنگ سسٹمز کی مرمت اور اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ پانی کی فراہمی کو جدید بنانے کے لیے اسکاڈا (SCADA) سسٹم اور فلو میٹرز بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق عمارتوں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنا پہلے ہی لازمی قرار دیا جا چکا ہے، جبکہ چیئرمین نے اس پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی ہے۔ پانی کے ٹینکرز کی سروس بہتر بنانے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈیش بورڈ پر مبنی نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈیم منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شاہدرہ ڈیم کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے جبکہ ڈیزائن کا مرحلہ آخری مراحل میں ہے، اور ڈوٹارہ ڈیم کی فزیبلٹی مئی 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
مزید برآں، کورنگ نالہ کے ساتھ تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جبکہ اسلام آباد میں 11 ویٹ لینڈز کی منظوری دی جا چکی ہے جن میں سے دو پر کام شروع ہو چکا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور پانی کے بلوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ طویل المدتی مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد واٹر ایجنسی بھی قائم کر دی گئی ہے، جس کا مقصد پانی کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔