تاریخ اشاعت: September 3, 2026 - 3:54 PM
CDA to Auction 15 Hotel Plots in Islamabad on September 23–24
اسلام آباد میں 15 ہوٹل پلاٹس کا نیلام عام 23 اور 24 ستمبر کو ہوگا
▫️ایک سالہ آ سان ادائیگی پلان، 75 فیصد ادائیگی پر قبضہ اور کامیاب بولی دہندگان کیلئے 5 فیصد تک رعایت کی پیشکش
اسلام آباد : ری نیوز پاکستانکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں ہوٹل اور شعبہ سیاحت سے متعلق 15 پلاٹس کی اوپن نیلامی کا اعلان کر دیا ہے، نیلامی 23 اور 24 ستمبر 2026 کو ہوگی۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں ہوٹل اور شعبہ سیاحت سے متعلق 15 پلاٹس کی اوپن نیلامی کا اعلان کر دیا ہے، نیلامی 23 اور 24 ستمبر 2026 کو ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہوٹل اور ہاسپیٹیلٹی انفراسٹرکچر کو وسعت دینا ہے۔
نیلام عام کا آغاز صبح 10 بجے گندھارا سٹیزن کلب، ایف-9 پارک اسلام آباد میں ہوگا۔
نیلامی میں پیش کیے جانے والے پلاٹس میں ڈی-12 مرکز کا پلاٹ نمبر 22، ایف-5/1 میں کنونشن سینٹر کے دو ہوٹل پلاٹس، ایف-5/1 میں فائیو سٹار ہوٹل کے دو پلاٹس، ایف-7/جی-8 میں شاپنگ مال (ڈیلکس ہوٹل) پلاٹ، ای-11 ناردرن سٹرپ میں ایک ہوٹل پلاٹ اور مری روڈ پر متعدد پلاٹس شامل ہیں۔ نیلامی فہرست میں سری نگر ہائی وے پر سپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان ایک ہوٹل پلاٹ بھی شامل ہے۔
سی ڈی اے نے سرمایہ کاروں کے لیے آ سان شرائط بھی متعارف کرائی ہیں۔ کامیاب بولی دہندگان کو پلاٹ کی رقم کی ادائیگی کے لیے ایک سالہ آ سان ادائیگی پلان فراہم کیا جائے گا، جس کے تحت مقررہ شیڈول کے مطابق ادائیگی مکمل کی جا سکے گی۔
اعلان کردہ شرائط کے تحت پلاٹ کی 75 فیصد مجموعی قیمت ادا کرنے پر قبضہ دیا جائے گا، تاہم باقی رقم کے مساوی مقامی شیڈولڈ بینک کی جانب سے قابل قبول بینک گارنٹی فراہم کرنا ہوگی۔
اتھارٹی کی جانب سے 25 فیصد ڈپازٹ کی ادائیگی کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس سے سرمایہ کار ابتدائی مرحلے میں ہی تعمیراتی منصوبہ بندی آگے بڑھا سکیں گے۔
جو سرمایہ کار 30 دن کے اندر مکمل ادائیگی کریں گے، انہیں مجموعی رقم پر 5 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ امریکی ڈالرز میں مکمل ادائیگی کرنے والے سرمایہ کاروں کے لیے مزید 5 فیصد اضافی رعایت کی پیشکش کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق سرمایہ کاروں کو بجلی کی لائنوں کی منتقلی، سیوریج کی اپ گریڈیشن، اراضی کی کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہوٹل پلاٹس تک رسائی کے لیے علیحدہ اپروچ روڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اوورسیز سرمایہ کاروں کے لیے بھی خصوصی سہولیات کا اعلان کیا گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم سرمایہ کار نیلامی سے کم از کم ایک روز قبل اپنے نمائندے کے ذریعے بولی جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ ادائیگی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (RDA) یا مقامی بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جا سکے گی۔
سی ڈی اے کے مطابق نیلامی کا آفیشل بروشر 8 ستمبر 2026 سے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ اور ایم سی بی، ایچ بی ایل، یو بی ایل، عسکری بینک اور بینک آف پنجاب کی مقررہ برانچز سے حاصل کیا جا سکے گا۔ بروشر سی ڈی اے کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔
سی ڈی اے نے اس نیلامی کو اسلام آباد کے ہاسپیٹیلٹی اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کا اہم موقع قرار دیا ہے، خصوصاً شہر کے ان اہم مقامات پر جہاں ہوٹل، سیاحتی، کاروباری اور اعلیٰ معیار کے ہاسپیٹیلٹی منصوبے قائم کیے جا سکتے ہیں۔