تاریخ اشاعت: July 29, 2026 - 12:15 PM
Construction of Bhati Chowk Underpass Completed, Service Road and Finishing Work Progressing Rapidly
بھاٹی چوک انڈر پاس کا تعمیراتی کام مکمل، سروس روڈ اور فنشنگ کا کام تیزی سے جاری
ڈی جی ایل ڈی اے کی سروس روڈ جلد مکمل کرنے، مؤثر ٹریفک سائنز نصب کرنے اور پیدل چلنے والوں کے لیے سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین میاں مرغوب احمد اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق نے داتا دربار اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے کی تکمیل، فنشنگ کے کام، سروس روڈز اور آئندہ مذہبی اجتماعات سے متعلق انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے حکام کو بتایا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس کا بنیادی تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ فنشنگ اور اطراف کی سروس روڈز پر کام دن رات جاری ہے۔
بریفنگ کے مطابق سرکلر روڈ کی جانب تعمیر ہونے والی سروس روڈ پر آئندہ دو روز میں اسفالٹ بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا۔ انڈر پاس سے کچہری کی طرف جانے والی سڑک کے ایک حصے پر نکاسی آب کا نظام بھی تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ بارش کے پانی کے بروقت اخراج کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے متعلقہ افسران کو سروس روڈز کا تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے باقی ماندہ حصے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بلا رکاوٹ اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزدوروں کے آرام اور بیٹھنے کے لیے باقاعدہ ”گوشہ مزدور“ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے سے منسلک تمام فٹ پاتھ جدید اور پائیدار ترقیاتی ماڈل کے مطابق تعمیر کرنے پر زور دیا تاکہ پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ، آسان اور دیرپا سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
طاہر فاروق نے پیدل چلنے والوں کے انڈر پاس کی فنشنگ بھی جلد مکمل کرنے اور انڈر پاس کے اطراف واضح اور مؤثر ٹریفک سائنز نصب کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر سائن بورڈز سے ڈرائیوروں اور پیدل چلنے والوں کو راستہ سمجھنے میں آسانی ہوگی اور ٹریفک حادثات کے خطرات بھی کم ہوں گے۔
دورے کے دوران وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے حضرت داتا گنج بخش ہجویری کے سالانہ عرس اور چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سبیل لگانے کے لیے مخصوص جگہ کا معائنہ کیا۔
انہوں نے عرس اور چہلم کے اجتماعات سے منسلک ترقیاتی کاموں اور اہم روٹس کا بھی جائزہ لیا، تاکہ زائرین کی آمدورفت، ٹریفک کی روانی، پیدل چلنے والوں کی سہولت اور دیگر شہری انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے۔