تاریخ اشاعت: April 15, 2026 - 12:02 PM
Crackdown on Excess Load: LESCO Decides Action Against Single Phase Consumers
منظور شدہ لوڈ سے تجاوز: لیسکو کا سنگل فیز صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
▫️3 کلوواٹ سے زائد استعمال پر تھری فیز منتقلی لازمی قرار، تھری فیز میٹر پر منتقلی کی صورت میں صارفین کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری ختم ہو جائیگی
لاہور: ری [نیوز پاکستان] لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے منظور شدہ لوڈ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے سنگل فیز میٹرز کے صارفین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔ ...
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے منظور شدہ لوڈ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے سنگل فیز میٹرز کے صارفین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق سنگل فیز میٹرز کی میکسیمم ڈیمانڈ انڈیکیٹر (ایم ڈی آئی) ریڈنگ کا ریکارڈ مرتب کر لیا گیا ہے اور اب یہ ریڈنگ صارفین کے بجلی کے بلوں میں بھی ظاہر کی جا رہی ہے، تاکہ بجلی کے استعمال کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی آئی ڈیٹا کی بنیاد پر ایسے صارفین کی فہرست تیار کی گئی ہے جو اپنے معاہدے کے برعکس مقررہ لوڈ سے تجاوز کر رہے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں ان صارفین کو ایکسٹینشن آف لوڈ کے نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔
لیسکو کے مطابق وہ صارفین جن کا بجلی کا استعمال 3 کلوواٹ سے تجاوز کر چکا ہے، انہیں تھری فیز میٹر پر منتقل ہونے کے لیے ڈیمانڈ نوٹسز بھیجے جائیں گے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت صرف 3 کلوواٹ تک کے صارفین ہی سنگل فیز میٹر استعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ تھری فیز میٹر پر منتقلی کی صورت میں صارفین کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری ختم ہو جائے گی، جس کے باعث فکسڈ چارجز میں اضافے کا امکان ہے۔ لیسکو کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بجلی کے نظام کو متوازن بنانا اور غیر قانونی یا غیر مجاز استعمال کی روک تھام ہے۔