تاریخ اشاعت: September 8, 2026 - 12:32 PM
DG LDA Reviews Development Work at Data Darbar and Hazrat Ali Hajveri Underpass During Late Night Visit
ڈی جی ایل ڈی اے کا داتا دربار اور حضرت علی ہجویری انڈرپاس کا رات گئے دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
▫️پیڈسٹرین انڈر پاس کی فنشنگ آخری مراحل میں، ڈی جی ایل ڈی اے کی بقایا کام جلد مکمل کرنے اور شہری سہولتوں کو یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور : ری نیوز پاکستانلاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق نے رات گئے حضرت علی ہجویری انڈرپاس اور داتا دربار کا دورہ کیا اور رات کی شفٹ میں جاری ترقیاتی و فنشنگ کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق نے رات گئے حضرت علی ہجویری انڈرپاس اور داتا دربار کا دورہ کیا اور رات کی شفٹ میں جاری ترقیاتی و فنشنگ کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور مکمل کیے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے حضرت علی ہجویری انڈرپاس کے اطراف جاری فنشنگ کے کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے باقی ماندہ کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں اور زائرین کو بہتر سفری اور پیدل آمدورفت کی سہولت میسر آسکے۔
طاہر فاروق نے کہا کہ داتا دربار کے بیرونی حصے میں گرین ایریا اور واکنگ سٹریٹ تیار کی گئی ہے، جبکہ دربار کے اطراف سٹریٹ لائٹس اور دیدہ زیب روشنیوں کی تنصیب سے پورا علاقہ رات کے وقت روشن اور زیادہ خوبصورت ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق ان اقدامات کا مقصد علاقے کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ زائرین اور شہریوں کو زیادہ محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ حضرت علی ہجویری انڈرپاس کی تعمیر اور ملحقہ سڑک کی ری ماڈلنگ کے نتیجے میں علاقے میں ٹریفک کی روانی میں واضح بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق منصوبے سے نہ صرف ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد ملی ہے بلکہ داتا دربار آنے والے زائرین کے لیے آمدورفت کو بھی نسبتاً آسان بنایا گیا ہے۔
چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکلر روڈ پر پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے جگہ بھی مختص کی گئی ہے، جس سے علاقے میں پیدل آمدورفت اور ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
چیف انجینئر ٹیپا نے مزید بتایا کہ زائرین کی سہولت کے لیے تعمیر کیے گئے پیڈسٹرین انڈر پاس کی فنشنگ کا کام تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے پیڈسٹرین انڈر پاس کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے فنشنگ کے معیار اور باقی ماندہ کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا۔
طاہر فاروق نے زائرین کے لیے تعمیر کیے گئے پبلک ٹوائلٹس اور پارکنگ ایریا کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام سہولتوں کو مکمل طور پر فعال اور شہریوں کے لیے قابل استعمال بنایا جائے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے واضح کیا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں فنشنگ اور دیگر بقایا کاموں کو بلاوجہ تاخیر کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام مکمل کریں۔ انہوں نے منصوبے کے اطراف صفائی، روشنی، پیدل آمدورفت اور دیگر شہری سہولتوں کے معیار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔
دورے کے موقع پر کنٹریکٹر، ٹیپا اور نیسپاک کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔