تاریخ اشاعت: April 23, 2026 - 5:00 PM
DG LDA Reviews Ongoing Development Work at Data Darbar Extension Project and Bhati Chowk Underpass
ڈی جی ایل ڈی اے کا داتا دربار توسیعی منصوبے اور بھاٹی چوک انڈر پاس پر ترقیاتی کام کا جائزہ
▫️انڈر پاس کا 34 فیصد مکمل، پیڈیسٹرین انڈر پاس فنشنگ مرحلے میں داخل ہوگیا
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے داتا دربار توسیعی منصوبے اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ دونوں منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا مجموعی طور پر 34 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ ریٹیننگ والز کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ داتا دربار توسیعی منصوبے سے منسلک پیڈیسٹرین انڈر پاس فنشنگ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں تکمیلی کام تیزی سے جاری ہیں۔ اس کے علاوہ داتا دربار کے پارکنگ ایریا اور پیازہ پر بھی کام کی رفتار میں تیزی لائی گئی ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے موقع پر پیڈیسٹرین انڈر پاس کے فنشنگ کاموں کا معائنہ کیا اور منصوبے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کام کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔
اس موقع پر ٹیپا، نیسپاک اور کنٹریکٹر کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ڈی جی ایل ڈی اے نے ریلوے اسٹیشن کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔