تاریخ اشاعت: May 15, 2026 - 2:45 PM
DG LDA Visits Data Darbar Expansion Project and Bhati Chowk Underpass, Orders Faster Pace of Development Work
ڈی جی ایل ڈی اے کا داتا دربار توسیعی منصوبے اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت
▫️بھاٹی چوک انڈر پاس کا 50 فیصد کام مکمل، ریمپس، بیرل اور دیگر حصوں پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری
ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق نے داتا دربار توسیعی منصوبے اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دونوں اہم منصوبوں پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی رفتار اور آئندہ مراحل سے متعلق بریفنگ دی۔ طاہر فاروق نے بھاٹی چوک انڈر پاس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے پیش نظر ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس کا تقریباً 50 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ انڈر پاس کے ریمپس پر کھدائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حکام کے مطابق انڈر پاس کی بیرل اور ریمپ ٹو پر بھی تعمیرا تی سرگرمیاں جاری ہیں، جنہیں مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے داتا دربار توسیعی منصوبے کے مختلف حصوں کا بھی جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پارکنگ ایریا اور ٹوائلٹ بلاک کی فنشنگ پر کام جاری ہے، جبکہ پیڈسٹرین انڈر پاس کے گرے سٹرکچر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اب فنشنگ ورک شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ داتا دربار کے پیڈسٹرین زون پر بھی فنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے داتا دربار کے اطراف موجود املاک کے فساڈ پر کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو بہتر شہری سہولت، ٹریفک مینجمنٹ اور زائرین کی آسانی کے تناظر میں جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مزدوروں، شہریوں اور زائرین کی حفاظت متاثر نہ ہو۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔