تاریخ اشاعت: July 25, 2026 - 4:43 PM
DG LDA Visits LDA City, Orders Faster Land Acquisition and Uninterrupted Development Work
ڈی جی ایل ڈی اے کا ایل ڈی اے سٹی کا دورہ، لینڈ ایکوزیشن تیز کرنے اور ترقیاتی کام بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایت
موضع طور وڑائچ کے ون ونڈو سیل پر شہریوں سے ملاقات، مسائل سنے، متعلقہ اداروں کو فوری سہولت فراہم کرنے کی تاکید
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے ایل ڈی اے سٹی کا دورہ کرتے ہوئے اراضی کے حصول (لینڈ ایکوزیشن) کے عمل کا جائزہ لیا اور ترقیاتی کام بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایل ڈی اے سٹی میں شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو خصوصی اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔
دورے کے دوران ڈی جی ایل ڈی اے نے موضع طور وڑائچ میں لینڈ ایکوزیشن کے لیے قائم ون ونڈو سیل کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور شکایات معلوم کیں۔ انہوں نے کہا کہ موضع طور وڑائچ میں اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے اور شہریوں کی سہولت کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے نمائندے ون ونڈو سیل پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
طاہر فاروق نے ریونیو عملے اور ایل ڈی اے کی ٹیموں سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بھی تفصیلات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ تمام معاملات شفاف اور تیز رفتار انداز میں نمٹائے جائیں۔
بعد ازاں انہوں نے ایل ڈی اے سٹی کی ترقیاتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن کلیکشن (ایل اے سی) نے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل ڈی اے سٹی کے سی بلاک میں بجلی کے میٹرز کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جبکہ موضع ہلوکی میں لینڈ ایکوزیشن کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے سٹی کے دیگر موضع جات میں بھی اراضی کے حصول کا عمل مزید تیز کیا جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بنیادی رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی اربن پلاننگ، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، ڈائریکٹر انجینئرنگ، ڈائریکٹر ایل اے سی سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ بعد ازاں ڈی جی ایل ڈی اے نے ایل ڈی اے سٹی کے سائٹ آفس کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔