تاریخ اشاعت: June 22, 2026 - 10:00 AM
DHA Directs Renewed Implementation of Property Transfer and NDC Rules
ڈی ایچ اے میں پراپرٹی ٹرانسفر اور این ڈی سی کے قواعد پر دوبارہ عملدرآمد کی ہدایت
▫️مختلف پراسیسز کو بیک وقت چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، لہٰذا تمام معاملات مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں: چوہدری توقیر آ صف ڈائریکٹر انفارمیشن DHA اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن
ڈی ایچ اے انتظامیہ اور ٹرانسفر برانچ نے تمام ممبران کو پراپرٹی ٹرانسفر، این ڈی سی، ویریفکیشن اور سائٹ پلان سے متعلق قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی پلاٹ یا پراپرٹی پر ایک وقت میں صرف ایک ہی پراسیس جاری رکھا جا سکتا ہے۔
ڈی ایچ اے رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر انفارمیشن چوہدری توقیر آصف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ممبران کو بارہا آگاہ کیا جا چکا ہے کہ مختلف پراسیسز کو بیک وقت چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، لہٰذا تمام معاملات مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
اعلامیے کے مطابق اگر کسی پراپرٹی کے لیے ویریفکیشن اپلائی کی گئی ہو تو ویریفکیشن رپورٹ موصول ہونے تک این ڈی سی کے لیے درخواست جمع نہیں کروائی جا سکتی۔ اسی طرح اگر این ڈی سی کا پراسیس جاری ہو تو اس دوران ویریفکیشن اپلائی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی ایچ اے انتظامیہ نے مزید وضاحت کی ہے کہ اگر کسی پلاٹ کے لیے سائٹ پلان حاصل کرنے کی درخواست دی گئی ہو تو پہلے سائٹ پلان وصول کرنا لازمی ہوگا، جس کے بعد ہی این ڈی سی کا پراسیس شروع کیا جا سکے گا۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نارمل این ڈی سی اپلائی کرنے کے بعد کیس کو ایگزیکٹو پراسیس میں تبدیل نہیں کروایا جا سکتا، لہٰذا این ڈی سی کے لیے درخواست جمع کروانے سے قبل متعلقہ کلائنٹ سے نارمل یا ایگزیکٹو پراسیس کے حوالے سے حتمی فیصلہ ضرور حاصل کر لیا جائے۔
چوہدری توقیر آصف نے تمام ممبران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ڈاکیومنٹیشن اسٹاف اور متعلقہ عملے کو ان قواعد و ضوابط سے مکمل طور پر آگاہ کریں تاکہ غیر ضروری تاخیر، اعتراضات اور انتظامی مسائل سے بچا جا سکے۔
ڈی ایچ اے انتظامیہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی بھی پلاٹ یا پراپرٹی پر بیک وقت صرف ایک ہی پراسیس قابلِ قبول ہوگا اور تمام درخواستیں مقررہ ضوابط کے مطابق نمٹائی جائیں گی۔