تاریخ اشاعت: May 2, 2026 - 2:43 PM
DHA Estate Agents Association Lahore Issues Election 2026 Notification Introducing Revised Rules
ڈی ایچ اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے الیکشن 2026 کیلئے اعلامیہ جاری کردیا گیا
▫️صدارتی امیدوار کیلئے گریجوایٹ ہونا لازمی، نئے قواعد کے مطابق کوئی بھی ممبر مسلسل دو سے زیادہ مدت تک کیلئے الیکشن نہیں لڑ سکے گا، سیکرٹری اطلاعات توقیر آ صف
ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے الیکشن 2026 کیلئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری توقیر آ صف کی طرف سے جاری اس اعلامیے کے مطابق انتخابی قواعد سخت اور فیس ڈھانچے میں تبدیلی کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن ہر دو سال بعد دسمبر میں ہوں گے، ووٹنگ اور اہلیت کے لیے فیس ادائیگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
امیدواروں کے لیے ڈپازٹ، ڈونیشن اور تعلیمی معیار سمیت نئے سخت ضوابط نافذ کر دیے گئے ہیں۔ انتخابی قواعد کی رو سے ووٹنگ کے حق، امیدواروں کی اہلیت، مالی شرائط اور تنظیمی ڈھانچے سے متعلق اہم تبدیلیاں شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ایسوسی ایشن کے انتخابات ہر دو سال بعد ماہ دسمبر میں منعقد کیے جائیں گے۔ صرف وہی ممبران ووٹ ڈالنے اور انتخاب لڑنے کے اہل ہوں گے جو ڈی ایچ اے لاہور میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہوں اور 30 ستمبر تک اپنی تمام واجب الادا فیس ادا کر چکے ہوں۔ مقررہ تاریخ تک فیس ادا نہ کرنے کی صورت میں کسی بھی ممبر کو ووٹ دینے یا الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نئے قواعد کے تحت صدارتی یا چیف ایگزیکٹو کے امیدوار کے لیے دو لاکھ روپے نان ریفنڈ ایبل ڈپازٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کامیابی کی صورت میں دس لاکھ روپے ڈونیشن دینا لازمی ہوگا۔
وائس پریزیڈنٹ اور سیکرٹری کے امیدواروں کے لیے ایک لاکھ روپے ڈپازٹ اور کامیابی پر پانچ لاکھ روپے ڈونیشن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ڈائریکٹرز کے لیے پچاس ہزار روپے ڈپازٹ اور کامیابی کی صورت میں ایک لاکھ روپے ڈونیشن کی شرط رکھی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق نامزدگی فارم 30 اکتوبر تک جاری کیے جائیں گے، جنہیں دس دن کے اندر جمع کروانا لازمی ہوگا۔ ہر امیدوار کے لیے ایک تجویز کنندہ اور ایک تائید کنندہ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
انتخابی طریقہ کار کے مطابق سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے 11 امیدوار کامیاب قرار پائیں گے۔ ووٹوں کے برابر ہونے کی صورت میں فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ پولنگ کے بعد بیلٹ بکس فوری طور پر کھولے جائیں گے اور حتمی نتائج 48 گھنٹوں کے اندر جاری کیے جائیں گے۔
نئے قواعد میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی ممبر مسلسل دو سے زیادہ مدت تک الیکشن نہیں لڑ سکے گا۔ بیلٹ بکس کو پولنگ مقام سے باہر لے جانا سختی سے ممنوع ہوگا اور قواعد کی خلاف ورزی پر امیدوار کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن نوٹس یا دستاویزات موصول نہ ہونے کی صورت میں بھی انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔
ممبرشپ کے لیے درخواست کے ساتھ دس ہزار روپے داخلہ فیس لازمی ہوگی جبکہ سالانہ ممبرشپ فیس بھی 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں جنرل باڈی کی منظوری سے تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
ہر نئے درخواست دہندہ کو مکمل فارم جمع کروانا ہوگا اور انٹرویو تین رکنی کمیٹی کرے گی۔ ممبر کے لیے رجسٹرڈ آفس یا کاروباری جگہ کا ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ صرف وہی ممبر ووٹ دینے کا اہل ہوگا جو ڈی ایچ اے لاہور میں رجسٹرڈ ہو۔
اعلامیے کے مطابق دو سال تک فیس ادا نہ کرنے کی صورت میں ممبرشپ معطل کر دی جائے گی، جبکہ تین سال تک عدم ادائیگی پر رکنیت ختم کر دی جائے گی۔ بحالی کے لیے تمام واجبات اور جرمانے کی ادائیگی لازمی ہوگی۔
تعلیمی اہلیت کی شرط نئے انتخابی قواعد کے تحت صدارتی امیدوار کے لیے کم از کم گریجویٹ ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ دیگر 10 نشستوں کے امیدواروں کے لیے کم از کم انٹرمیڈیٹ تعلیم ضروری ہوگی۔