تاریخ اشاعت: August 1, 2026 - 11:34 AM
Director General LDA Conducts Detailed Visit to Data Darbar Expansion Project and Bhatti Chowk Underpass
ڈی جی ایل ڈی اے کا داتا دربار توسیعی منصوبے اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا تفصیلی دورہ
▫️طاہر فاروق نے ترقیاتی کاموں کے اطراف حفاظتی انتظامات، ٹریفک پلان اور زائرین کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کردی
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق نے چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر زائرین کی سہولت اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے داتا دربار توسیعی منصوبے اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جاری ترقیاتی سرگرمیوں، حفاظتی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبوں کی پیش رفت، حفاظتی اقدامات اور تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے اطراف تمام حفاظتی انتظامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں اور زائرین کو کسی قسم کی دشواری یا خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
طاہر فاروق نے واضح ہدایت جاری کی کہ چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے دوران منصوبے سے منسلک تمام تعمیراتی سرگرمیاں عارضی طور پر بند رکھی جائیں تاکہ مذہبی تقریبات کے دوران آمد و رفت متاثر نہ ہو اور زائرین کو محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے ترقیاتی مقامات کے گرد حفاظتی چادریں، مناسب روشنی، وارننگ بورڈز، بیریئرز اور دیگر حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھاٹی چوک انڈر پاس سے ملحقہ سروس روڈز کا معائنہ کیا اور وہاں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے بارش کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر نکاسی آب کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں اور زائرین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے چیف انجینئر ٹیپا کو ہدایت کی کہ منظور شدہ ٹریفک پلان اور روٹ پلان کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے جبکہ رات کے اوقات میں ترقیاتی مقامات پر اضافی لائٹس اور دیگر سہولیات کا بھی خصوصی انتظام کیا جائے۔
طاہر فاروق نے کہا کہ ایل ڈی اے منتظمین، متعلقہ اداروں اور زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مذہبی اجتماعات کے دوران عوام کو محفوظ، منظم اور سہل سفری ماحول میسر رہے۔