تاریخ اشاعت: March 2, 2026 - 9:14 AM
Disagreement emerges in Balochistan Assembly over creation of new divisions and districts
نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام پر بلوچستان اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے مؤقف میں اختلاف برقرار
▫️ اپوزیشن نے فیصلے پر تاریخی و انتظامی تحفظات کا اظہار، حکومت نے انتظامی اصلاحات قرار دے دیا ▫️ ایوان میں حدودِ تقسیم، وسائل اور نمائندگی سے متعلق خدشات زیرِ بحث
کوئٹہ: ری نیوز پاکستان بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کے حکومتی فیصلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان واضح اختلاف رائے سامنے آیا، جہاں اپوزیشن ارکان نے انتظامی حدود میں ردوبدل پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ حکوم...
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کے حکومتی فیصلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان واضح اختلاف رائے سامنے آیا، جہاں اپوزیشن ارکان نے انتظامی حدود میں ردوبدل پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ حکومت نے اس اقدام کو انتظامی بہتری اور عوامی سہولت کیلئے ناگزیر قرار دیا۔
سابق وزیر اعلیٰ نواب محمد اسلم رئیسانی نے کچھی ضلع کو سبی ڈویژن اور مستونگ کو کوئٹہ ڈویژن میں شامل کرنے کے فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تبدیلیاں صوبے کے تاریخی اور جغرافیائی تناظر کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی تقسیم میں ردوبدل سے روزگار، تعلیمی کوٹہ اور وسائل کی تقسیم جیسے معاملات پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے بھی مستونگ کی تاریخی حیثیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی فیصلوں میں علاقائی پس منظر اور مقامی حساسیت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے اپر ڈیرہ بگٹی ضلع کی تشکیل اور بعض علاقوں کی شمولیت پر بھی سوالات اٹھائے۔
حکومت کی جانب سے مؤقف پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کا قیام انتظامی نظام کو مؤثر بنانے، حکومتی رسائی بڑھانے اور ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے نئی انتظامی اکائیوں کو بہتر طرزِ حکمرانی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی سطح پر مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں بہتری آئے گی۔
اجلاس کے دوران بعض ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ اہم انتظامی فیصلوں پر وسیع مشاورت کے ذریعے اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے تاکہ صوبے میں انتظامی ہم آہنگی اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔