تاریخ اشاعت: May 15, 2026 - 5:30 PM
Flood Mock Exercise Held in Vehari to Review Preparedness for Possible Flood Threats
وہاڑی میں ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد
▫️ تمام ادارے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں: ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ
ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ وہاڑی کی جانب سے ہیڈ اسلام کے مقام پر فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ انہار، صحت، لائیو سٹاک، سول ڈیفنس، میونسپل کمیٹی، تعلیم، زراعت اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا۔
مشقوں کا معائنہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے فلڈ موک ایکسرسائز، ریسکیو پلان، دستیاب مشینری اور ہنگامی ردعمل سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ محکمہ انہار نے بندوں، حفاظتی پشتوں، پانی کے بہاؤ اور حساس مقامات سے متعلق آگاہ کیا۔
مشق کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے، جہاں دستیاب سہولیات، آلات، ڈی واٹرنگ پمپس، بوٹس اور امدادی سامان کا جائزہ لیا گیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے کشتی رانی، سکوبا ڈائیونگ، ڈوبنے والے افراد کے محفوظ انخلاء، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے اور ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم اور ایمرجنسی رابطہ نظام کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اداروں کے درمیان فوری رابطہ اور بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ فلڈ موک ایکسرسائز کا مقصد اداروں کی تیاری، باہمی ہم آہنگی اور فوری ریسپانس کو جانچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس مکمل تعاون کرے گی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔