تاریخ اشاعت: March 7, 2026 - 10:04 AM
Gwadar Development Authority Directed to Achieve Financial Sustainability.
بلوچستان حکومت کی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی خودمختاری حاصل کرنے کی ہدایت.
▫️ ڈرینیج، سیوریج اور سڑکوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کی منظوری.
کوئٹہ: ری نیوز پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی خودمختاری حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی اداروں کو سرکاری وسائل پر انحصار کم کرتے ہوئے اپنی آمدن کے ذرائع پیدا کرنا ہوں...
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی خودمختاری حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی اداروں کو سرکاری وسائل پر انحصار کم کرتے ہوئے اپنی آمدن کے ذرائع پیدا کرنا ہوں گے تاکہ گوادر کی پائیدار شہری ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ ہدایات انہوں نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے 31ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں ساحلی شہر کی مجموعی ترقی، شہری سہولیات کی فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں، مالی امور اور آئندہ ترقیاتی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران گورننگ باڈی نے مالی سال 2025-26 کے لیے جی ڈی اے کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے مالی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ خزانہ کو اتھارٹی کے مالی معاملات کا خصوصی آڈٹ کرانے کی ہدایت بھی جاری کی اور کہا کہ اس کی تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ جی ڈی اے کی سالانہ آمدن تقریباً 7 کروڑ روپے ہے جبکہ اخراجات 87 کروڑ روپے تک پہنچ چکے ہیں، جسے انہوں نے تشویشناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی اداروں کو ادارہ جاتی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور وسائل کے بہتر انتظام کے ذریعے اپنی استعداد بڑھانا ہوگی۔
اجلاس میں نشست علاقوں میں نکاسی آب، سیوریج نظام، سڑکوں اور گلیوں کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن سے متعلق فزیبلٹی رپورٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ منصوبے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے جائیں گے تاکہ شہر میں بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے اور پائیدار شہری ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔