تاریخ اشاعت: May 20, 2026 - 5:04 PM
Karachi Commissioner Orders Removal of Illegal Billboards from Public Property
کراچی میں سرکاری عمارات پر نصب غیر قانونی بل بورڈز ہٹانے کا حکم
▫️مون سون سے قبل نجی املاک پر نصب غیر محفوظ بل بورڈز بھی ہٹائے جائیں گے، کمشنر کراچی کا حکم
کراچی کے کمشنر سید حسن نقوی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں سرکاری عمارات پر نصب تمام غیر قانونی بل بورڈز، بینرز، ہورڈنگز اور گینٹریز کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ یہ ہدایات سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں جاری کی گئی ہیں۔
یہ فیصلہ کمشنر کراچی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کمشنر کراچی سجاد ابڑو، ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رمضان پٹھان، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز اور کنٹونمنٹ بورڈز کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ ٹریڈ ایسوسی ایشن اور سندھ آؤٹ ڈور ایڈورٹائزرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سجاد ابڑو نے سرکاری املاک پر نصب بل بورڈز سے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے احکامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں نصب غیر قانونی بل بورڈز، بینرز، گینٹریز اور ہورڈنگز کی نشاندہی کرتے ہوئے تفصیلات بھی پیش کیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے واضح کیا کہ سرکاری املاک پر نصب بل بورڈز، گینٹریز اور ہورڈنگز غیر قانونی ہیں اور انہیں بلا تاخیر ہٹایا جانا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز اور کنٹونمنٹ بورڈز بل بورڈز، ہورڈنگز اور دیگر تشہیری مواد سے متعلق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران اور اشتہاری ایجنسیوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ نجی املاک پر نصب ایسے بل بورڈز، بینرز، ہورڈنگز اور گینٹریز بھی غیر قانونی تصور کیے جائیں گے جو عوامی تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
اس حوالے سے تمام ٹاؤنز اور متعلقہ محکموں میں ویجیلنس کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ ان کمیٹیوں میں ماہرین اور معروف آرکیٹیکٹس کو شامل کیا جائے گا، جو بل بورڈز اور ہورڈنگز کے معیار کا جائزہ لے کر یہ تعین کریں گے کہ کون سے بورڈز محفوظ ہیں اور کون سے غیر محفوظ۔
کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل شہر میں نصب تمام غیر محفوظ بل بورڈز اور ہورڈنگز کو ہٹا دیا جائے تاکہ بارش، تیز ہواؤں یا آندھی کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
سید حسن نقوی نے موجودہ ٹیسٹنگ معیار پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بل بورڈز کے حفاظتی معیار کا ازسرنو جائزہ لینے اور اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مون سون کے دوران اگر کسی غیر محفوظ بل بورڈ کے باعث کوئی حادثہ پیش آیا تو متعلقہ میونسپل کمشنر یا ذمہ دار افسر کو جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔