تاریخ اشاعت: July 21, 2026 - 11:46 AM
Karachi Fire Safety Audit Exposes Widespread Building Code Violations, Hundreds of Structures Found at High Risk
کراچی فائر سیفٹی آڈٹ میں بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کا انکشاف، سیکڑوں عمارتیں خطرناک قرار دیدی گئیں
▫️گل پلازہ آتشزدگی کے بعد شہر کی 783 رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا معائنہ، صرف 47 فیصد عمارتیں بنیادی حفاظتی اصولوں پر کافی حد تک پوری اتریں
کراچی میں کیے گئے جامع فائر سیفٹی آڈٹ نے شہر کی سیکڑوں رہائشی اور کمرشل عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات سے متعلق سنگین خامیوں اور بڑے پیمانے پر قانونی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سروے میں آ نے والی نصف سے بھی کم عمارتیں بنیادی فائر سیفٹی معیار پر کافی حد تک پوری اترتی ہیں، جس کے باعث شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
سندھ حکومت نے جنوری میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہونے والی مہلک آتشزدگی کے بعد شہر بھر میں فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد عمارتوں کی حفاظت، ہنگامی اخراج کے راستوں اور ریسکیو اداروں کی تیاری پر سنگین سوالات اٹھائے گئے تھے۔
آڈٹ کے دوران کراچی کے ساتوں اضلاع میں مجموعی طور پر 783 کمرشل اور رہائشی عمارتوں کا معائنہ کیا گیا۔ سروے میں منظور شدہ عمارتوں کے نقشوں، تعمیراتی اصولوں، ہنگامی راستوں، آگ بجھانے والے آلات اور عمارتوں کو لاحق مجموعی خطرات کا جائزہ لیا گیا۔
مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق صرف 370 عمارتیں، یعنی تقریباً 47 فیصد، فائر سیفٹی قوانین پر کافی حد تک عمل کرتی پائی گئیں۔ مزید 298 عمارتوں کو جزوی طور پر حفاظتی معیار پر پورا اترنے والی عمارتیں قرار دیا گیا، جبکہ 115 عمارتیں بنیادی حفاظتی تقاضے پورے نہ کرنے کے باعث مکمل طور پر غیرقانونی یا غیرمحفوظ قرار پائیں۔
رپورٹ میں عمارتوں کے منظور شدہ منصوبوں سے بڑے پیمانے پر انحراف بھی سامنے آیا۔ مجموعی طور پر 408 عمارتوں کے پاس منظور شدہ نقشے موجود نہیں تھے، جبکہ 455 عمارتیں منظور شدہ منصوبوں کے مطابق تعمیر نہیں کی گئی تھیں۔
معائنے کے دوران 416 عمارتوں میں مناسب ہنگامی راستے موجود نہیں تھے، جس سے آگ یا کسی دوسری ہنگامی صورت حال میں لوگوں کے بروقت انخلا میں شدید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ اسی طرح 310 عمارتوں میں آگ بجھانے والے دستی آلات بھی دستیاب نہیں تھے۔
آڈٹ رپورٹ میں مجموعی طور پر 239 عمارتوں کو مختلف حفاظتی خامیوں کی بنیاد پر ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔
ضلع وسطی میں سب سے زیادہ 103 عمارتیں خطرناک قرار دی گئیں، جبکہ ضلع جنوبی 65 ہائی رسک عمارتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ دوسری جانب ضلع کیماڑی میں مجموعی طور پر فائر سیفٹی قوانین پر سب سے بہتر عمل درآمد دیکھنے میں آیا، جبکہ ضلع کورنگی میں سب سے زیادہ عمارتیں ایسی پائی گئیں جو بنیادی حفاظتی اصولوں پر کافی حد تک پورا اترتی تھیں۔
حکام کے مطابق منظور شدہ نقشوں میں غیرقانونی تبدیلیاں، اضافی تعمیرات اور عمارتوں کے اصل ڈیزائن سے انحراف کے باعث داخلی و خارجی راستے بند ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ عمارتوں کے مختلف حصوں کو آگ سے محفوظ رکھنے والے انتظامات بھی متاثر ہوتے ہیں، جس سے آتشزدگی کی صورت میں آگ تیزی سے پھیلنے اور لوگوں کے پھنسنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
فائر سیفٹی آڈٹ کے نتائج نے کراچی میں عمارتوں سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد، باقاعدہ حفاظتی معائنے اور شہری اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت کو مزید واضح کر دیا ہے۔ رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کی تیاری بہتر بنائی جائے تاکہ مستقبل میں آتشزدگی کے واقعات کے دوران جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے۔