تاریخ اشاعت: September 11, 2026 - 11:41 AM
Karachi to Fully Digitise Land Records, Introduce Barcode Based File Tracking
کراچی میں زمینوں کے ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن، بارکوڈ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
▫️کے ڈی اے میں فائلوں کی الیکٹرانک نگرانی سے تاخیر اور بے ضابطگیوں میں کمی لانے کی تیاری
کراچی | ری نیوز پاکستانکراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے زمینوں کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے اور فائلوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے جدید بارکوڈ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے زمینوں کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے اور فائلوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے جدید بارکوڈ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آصف جان صدیقی اور مسابقتی کمیشن پاکستان کی رکن بشریٰ ناز ملک کی سربراہی میں وفد کے درمیان اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ادارہ جاتی امور، شفافیت اور زمین سے متعلق معاملات میں شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بشریٰ ناز ملک نے کے ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو مسابقتی کمیشن پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن منصفانہ مسابقت کے فروغ، مسابقت مخالف سرگرمیوں کی روک تھام اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمینوں سے متعلق معاملات میں عوامی آگاہی بڑھانے اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی کمیشن اپنا کردار جاری رکھے گا۔
آصف جان صدیقی نے بتایا کہ کے ڈی اے زمینوں کے ریکارڈ کو مرحلہ وار ڈیجیٹل شکل دے رہا ہے اور اس مقصد کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق نئے نظام کے ذریعے شہری گھر بیٹھے جائیداد سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جبکہ ریکارڈ کے تحفظ میں بہتری اور تاخیر و بے ضابطگیوں میں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کے ڈی اے فائلوں کی نقل و حرکت کی الیکٹرانک نگرانی کے لیے بارکوڈ پر مبنی جدید نظام بھی متعارف کرائے گا۔ اس نظام کے ذریعے فائل کی نقل و حرکت، ممکنہ تاخیر اور کارروائی کی پیش رفت کی نگرانی کی جا سکے گی، جس سے زمین سے متعلق معاملات کو بروقت نمٹانے میں مدد ملے گی۔
ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے کہا کہ شفافیت، میرٹ اور منصفانہ مسابقت ایک قابلِ اعتماد ادارہ جاتی نظام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔