تاریخ اشاعت: May 13, 2026 - 5:57 PM
Karachi to Get Two Major Flyovers Worth Rs 4.87 Billion to Ease Traffic Congestion
کراچی میں ٹریفک دباؤ کم کرنے کے لیے 4 ارب 87 کروڑ روپے کے دو بڑے فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے
▫️وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کے ڈی اے اور محکمہ بلدیات کو پاور ہاؤس چورنگی اور فور کے چورنگی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے دو بڑے فلائی اوور منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے، جن کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 4 ارب 87 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
یہ فلائی اوورز پاور ہاؤس چورنگی اور فور کے چورنگی پر تعمیر کیے جائیں گے، جن کا مقصد شہر کے اہم مقامات پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو سفری مشکلات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
منصوبوں کا جائزہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا، جس میں کراچی میں جاری انفراسٹرکچر اور سڑکوں کی ترقی کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی پر مجوزہ فلائی اوور 2 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے میں 636 میٹر طویل ڈوئل ٹریک ایلیویٹڈ اسٹرکچر شامل ہوگا، جو علاقے میں بھاری ٹریفک کے دباؤ کو منظم کرنے میں مدد دے گا۔
سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ پاور ہاؤس چورنگی فلائی اوور کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ فور کے چورنگی کی جانب جانے والی ٹریفک کو سبا سنیما اور خواجہ اجمیر نگری کی جانب مڑنے والی ٹریفک سے الگ کیا جاسکے۔
ان کے مطابق تقریباً 80 فیصد تھرو ٹریفک ایلیویٹڈ فلائی اوور استعمال کرے گی، جبکہ مقامی ٹریفک گراؤنڈ لیول پر سروس روڈز کے ذریعے رواں رہے گی۔
اجلاس میں فور کے چورنگی پر مجوزہ فلائی اوور منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کی لاگت کا تخمینہ 2 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سرجانی ٹاؤن کی جانب ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت فور کے چورنگی سے گزرنے والی تقریباً 70 فیصد ٹریفک سرجانی ٹاؤن کی جانب جاتی ہے، جس کے باعث اس مقام پر شدید ٹریفک جام اور طویل تاخیر کا سامنا رہتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ دونوں فلائی اوور منصوبوں کی منصوبہ بندی جلد مکمل کی جائے اور انہیں کراچی کی مستقبل کی ٹریفک ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر منصوبے شہریوں کو طویل المدتی ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہونے چاہئیں، اس لیے ان پر عمل درآمد مکمل منصوبہ بندی، تکنیکی جائزے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ کیا جائے۔