تاریخ اشاعت: June 11, 2026 - 11:08 AM
KMC Proposes 1% Entertainment Tax on Hotels, Restaurants and Marriage Halls
کے ایم سی : ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز پر 1 فیصد انٹرٹینمنٹ ٹیکس لگانے کی تجویز
▫️سالانہ ایک ارب روپے آمدن کا تخمینہ، شہریوں سے رائے طلب کر لی گئی
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے سٹی کونسل سے ایک نئے “انٹرٹینمنٹ ٹیکس” کی منظوری طلب کی ہے، جس کا مقصد ہوٹل، ریسٹورنٹ اور تقریبات کے شعبے سے اضافی بلدیاتی آمدن حاصل کرنا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت یہ ٹیکس ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، گیسٹ ہاؤسز، لاجز، شادی ہالز، مارکیز، ویڈنگ لانز، ایئر بی این بی پراپرٹیز اور بینکوئٹ ہالز کے مجموعی بل پر 1 فیصد کی شرح سے عائد کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے سالانہ تقریباً 1 ارب روپے آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔
کے ایم سی کے میونسپل کمشنر ابرار جعفر کی جانب سے جاری عوامی نوٹس کے مطابق یہ تجویز آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پیش کی جائے گی۔ نوٹس میں شہریوں سے رائے بھی طلب کی گئی ہے، جبکہ اعتراضات اور تجاویز سننے کے لیے 10 جون کو کے ایم سی ہیڈکوارٹر میں سماعت مقرر کی گئی.
کے ایم سی کے محکمہ سیاحت اور بلدیاتی انتظامیہ کے مطابق یہ نیا ٹیکس ادارے کی مالی پوزیشن مضبوط بنانے اور شہری سہولیات بہتر کرنے کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ منصوبے میں “انٹرٹینمنٹ ٹیکس – سٹی ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی” کے نام سے ایک نئی کیٹیگری اور موجودہ ٹیکس ڈھانچے کے تحت ضمنی قوانین شامل کیے جائیں گے۔
حکام نے بتایا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت کے ایم سی کو اپنے دائرہ اختیار میں ٹیکس، فیس اور چارجز عائد کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ منظوری کی صورت میں یہ ٹیکس کے ایم سی کی مجموعی ریونیو حکمتِ عملی کا حصہ بن جائے گا۔
یہ تجویز حالیہ برسوں میں کے ایم سی کا دوسرا بڑا ریونیو منصوبہ ہے، اس سے قبل جولائی 2024 میں میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس متعارف کرایا گیا تھا، جو کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے وصول کیا جاتا ہے اور اس سے سالانہ تقریباً 4 ارب روپے آمدن حاصل ہوتی ہے۔