تاریخ اشاعت: July 15, 2026 - 6:00 AM
La Montana Announces Return to Margalla Hills After Court Overturns Restaurant Demolition Order
مونال ریسٹورنٹ کی مسماری غیر قانونی قرار، عدالتی فیصلے کے بعد لا مونٹانا نے مارگلہ ہلز میں واپسی کا اعلان کر دیا
▫️مونال، لا مونٹانا اور دیگر متاثرہ املاک کے ملکیتی تنازعات کا فیصلہ متعلقہ ٹرائل کورٹس آزادانہ طور پر کریں گی
لا مونٹانا نے وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے سپریم کورٹ کا 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیے جانے کے بعد مارگلہ ہلز میں دوبارہ واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق فیصلے کے تحت مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں قائم ریسٹورنٹس کی بندش اور عمارتیں مسمار کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
نئے عدالتی فیصلے کے نتیجے میں لا مونٹانا، مونال ریسٹورنٹ اور گلوریا جینز سے متعلق مسماری کا حکم ختم ہوگیا ہے، جس سے ان اداروں کی ممکنہ تعمیرنو اور دوبارہ فعالیت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ تاہم املاک کی ملکیت اور قانونی حیثیت سے متعلق حتمی فیصلہ متعلقہ ٹرائل کورٹس کریں گی۔
سپریم کورٹ نے اگست 2024 میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے مونال اور اس سے ملحقہ لا مونٹانا ریسٹورنٹ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
دونوں ریسٹورنٹس نے اگلے ماہ اپنی سرگرمیاں بند کر دی تھیں، جبکہ عدالت نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی تھی کہ عمارتوں کو جنگلی حیات اور اردگرد کے ماحول کو کم سے کم نقصان پہنچاتے ہوئے مسمار کیا جائے۔
وفاقی آئینی عدالت نے کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے دائر نظرثانی درخواستوں کی سماعت کے بعد سابق فیصلہ کالعدم قرار دیا۔
جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں قائم آئینی بینچ نے قرار دیا کہ ملکیت سے متعلق تمام سوالات اور تنازعات کا فیصلہ مجاز ٹرائل کورٹس آزادانہ طور پر کریں گی۔ عدالت نے واضح کیا کہ ٹرائل کورٹس سابق عدالتی فیصلوں میں دی گئی آ بزرویشنز سے متاثر ہوئے بغیر مقدمات کا فیصلہ کریں۔
وفاقی آئینی عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ ریسٹورنٹس اور نیشنل پارک سے متعلق انتظامی اور ریگولیٹری معاملات متعلقہ سرکاری ادارے اور نگران حکام دیکھیں گے۔
عدالت نے ٹرائل کورٹس کو زیر التوا ملکیتی مقدمات جلد از جلد نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے 2024 کے فیصلے میں کئی اہم قانونی نکات پر مناسب غور نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ عدالتوں کو مقدمات کا فیصلہ جذبات کے بجائے قانون اور قانونی اصولوں کے مطابق کرنا چاہیے۔
فیصلے کے بعد لا مونٹانا نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ریسٹورنٹ جلد مارگلہ ہلز میں دوبارہ کھولا جائے گا۔ ادارے نے عدالتی فیصلے کو تاریخی قانونی کامیابی قرار دیا۔
عدالتی فیصلہ سابق مسماری حکم کے باعث پیدا ہونے والی فوری قانونی رکاوٹ ختم کرتا ہے، تاہم اس سے ریسٹورنٹس کی ملکیت یا دوبارہ کاروبار شروع کرنے کی خودکار اجازت نہیں ملتی۔
سپریم کورٹ کے سابق فیصلے میں قرار دیا گیا تھا کہ ریسٹورنٹس ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے تھے اور ان کے باعث نیشنل پارک کے ماحولیاتی نظام، جنگلی حیات، درختوں اور قدرتی زیرزمین آبی ذخائر کی بحالی کے نظام کو نقصان پہنچا۔
تاہم یہ مشاہدات اب ملکیتی تنازعات کے فیصلے کی بنیاد نہیں بنیں گے اور متعلقہ عدالتیں تمام مقدمات کا قانون کے مطابق ازسرنو جائزہ لیں گی۔