تاریخ اشاعت: April 3, 2026 - 2:56 PM
Lahore: Collusion Among WASA Officials Revealed, Billions in Government Recoveries from Housing Societies Affected
لاہور: واسا افسران کی ملی بھگت، ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے اربوں کی سرکاری ریکوری متاثر ہونے کا انکشاف
▫️شہر کی متعدد ہاؤسنگ سکیمیں واسا کا انفراسٹرکچر استعمال کر رہی ہیں، واسا پر سوسائٹی مالکان سے 'معاملات' طے کرنے کا الزام
لاہور : ری نیوز پاکستان واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے افسروں اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے اربوں کی سرکاری ریکوری متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کی متعدد بڑی ہاؤسنگ سکیموں سے سیوریج اور نکاسی آب کے واجبات کئی...
واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے افسروں اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے اربوں کی سرکاری ریکوری متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کی متعدد بڑی ہاؤسنگ سکیموں سے سیوریج اور نکاسی آب کے واجبات کئی برسوں سے وصول نہیں کیے جا رہے۔
اطلاعات کے مطابق کینال روڈ، رائیونڈ روڈ ، ہربنس پورہ ، جی ٹی روڈ، جوہر ٹاؤن، کاہنہ روڈ، سگیاں اور فیروزپور روڈ کے اطراف قائم بڑی ہاؤسنگ سکیمیں سرکاری سیورج سسٹم، ڈرینج نیٹ ورک اور بڑے نالوں میں نکاسی کے لیے واسا کا انفراسٹرکچر استعمال کر رہی ہیں مگر اس مد میں واجب الادا ٹیکس اور چارجز ادا نہیں کیے جا رہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہر بڑی ہاؤسنگ سکیم کے ذمے کروڑوں روپے واجب الادا ہیں جو مجموعی طور پر اربوں روپے تک پہنچ چکے ہیں ۔
مزید یہ بھی الزام سامنے آیا ہے کہ واسا کے بعض افسران اور اہلکاروں نے مبینہ طور پر ان سکیموں کے مالکان کے ساتھ 'معاملات' طے کر رکھے ہیں جس کے باعث باقاعدہ ریکوری نہیں کی جا رہی . دوسری جانب ہاؤسنگ سکیموں کی انتظامیہ پر یہ الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے رہائشیوں سے سیوریج اور دیگر سروسز کے نام پر ماہانہ کروڑوں روپے وصول کر رہی ہیں مگر یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے مبینہ طور پر ذاتی استعمال میں لائی جا رہی ہے۔