تاریخ اشاعت: September 7, 2026 - 3:40 PM
Lahore Housing Societies Face Worsening Traffic Crisis on Canal Road
لاہور کی کینال روڈ پر ہاؤسنگ سوسائٹیز ٹریفک بحران کا شکار
▫️ایل ڈی اے کا منصوبے کا تخمینہ بار بار متعلقہ حکام کو جمع کرانے کا دعویٰ، شہریوں کا سڑک کی کشادگی اور یوٹرنز کا رکا ہوا منصوبہ فوری بحال کرنے کا مطالبہ
لاہور : ری نیوز پاکستانلاہور میں ہربنس پورہ کے قریب کینال روڈ پر سڑک اور پل کی تنگی کے باعث متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مکین شدید ٹریفک مسائل کا شکار ہیں، جبکہ گزشتہ کئی برس سے حل طلب مسئلہ پیک آورز میں سنگین صورتحال اختیار کر لیتا ہے۔
لاہور میں ہربنس پورہ کے قریب کینال روڈ پر سڑک اور پل کی تنگی کے باعث متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مکین شدید ٹریفک مسائل کا شکار ہیں، جبکہ گزشتہ کئی برس سے حل طلب مسئلہ پیک آورز میں سنگین صورتحال اختیار کر لیتا ہے۔
متاثرہ سڑک کئی رہائشی کالونیوں کو کینال روڈ سے ملاتی ہے اور علاقے میں آمدورفت کا اہم راستہ بن چکی ہے۔ سکول اور دفتری اوقات میں نہر کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں، جس سے رہائشیوں کے ساتھ ساتھ شہر کے دیگر علاقوں سے آنے والے شہریوں کو بھی شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران مختلف حکومتوں کی جانب سے انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی یقین دہانیوں کے باوجود صورتحال بدستور خراب ہوتی گئی ہے۔ معمولی حادثہ یا کسی گاڑی کے خراب ہونے کی صورت میں بھی ٹریفک کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو جاتا ہے، جس سے مسافروں کی مشکلات کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ تنگ پل عبور کرنے میں بعض اوقات آدھا گھنٹہ تک لگ جاتا ہے، جبکہ کسی معمولی واقعے کے باعث ٹریفک طویل وقت تک جام رہتی ہے۔
ٹریفک بحران کی ایک بڑی وجہ سڑک کی توسیع کا طویل عرصے سے رکا ہوا منصوبہ بھی ہے۔ سابق دور حکومت میں پنجاب کی مسلم لیگ (ن) حکومت نے دھرم پورہ انڈر پاس سے جلو موڑ تک کینال روڈ کی توسیع اور یوٹرنز کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا تھا، جس کا مقصد ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے ساتھ ہزاروں شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنا تھا۔
اسی منصوبے کے تحت رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کے قریب چوبچہ ریلوے کراسنگ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے بیجنگ انڈر پاس بھی تعمیر کیا گیا، جبکہ کینال روڈ کو بعد ازاں ہربنس پورہ تھانے تک کشادہ کیا گیا۔
تاہم 2018 کے عام انتخابات کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے پر سابق حکومت کے کئی ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ باقی ماندہ منصوبہ بھی روک دیا گیا۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے ان کے مسائل جوں کے توں ہیں اور ہربنس پورہ سے جلو موڑ تک سڑک کا یہ حصہ بدستور ایک بڑے ٹریفک bottleneck کی شکل اختیار کرچکا ہے، بالخصوص مال روڈ کی جانب سے آنے والی ٹریفک کے لیے صورتحال انتہائی دشوار ہے۔
2024 کے انتخابات کے بعد پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی واپسی سے شہریوں کو امید پیدا ہوئی تھی کہ رکا ہوا منصوبہ دوبارہ شروع کیا جائے گا، تاہم حکومت کی جانب سے مالی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دستیاب فنڈز دیگر ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
مقامی رہائشیوں نے صورتحال کو انتظامی اور سیاسی عدم توجہی قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ شہر کے دیگر نسبتاً خوشحال علاقوں میں سڑکوں کے منصوبوں کے لیے وسائل دستیاب ہیں تو گنجان آباد ہاؤسنگ سوسائٹیز کو درپیش بنیادی انفراسٹرکچر کے مسائل کیوں نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔
ٹریفک بحران نے علاقے کی تجارتی سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام کے باعث شہری علاقے میں رکنے سے گریز کرتے ہیں، جبکہ سامان کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کو بھی شدید تاخیر کا سامنا رہتا ہے۔
متاثرہ رہائشی علاقوں میں لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم، جسے عام طور پر صحافی کالونی کہا جاتا ہے، حاجویری ہاؤسنگ سکیم اور لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ہاؤسنگ سکیم شامل ہیں۔ علاقے کی آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث رہائشیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ موجودہ پل اور سڑک کا انفراسٹرکچر اپنی گنجائش سے تجاوز کرچکا ہے۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ایک افسر نے بتایا کہ مسئلے کے حل کے لیے مالی تخمینہ کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو جمع کرایا جا چکا ہے، تاہم ایل ڈی اے کے اعلیٰ حکام کا مؤقف رہا ہے کہ منصوبے کے لیے فنڈز پنجاب حکومت کو فراہم کرنے چاہئیں۔
ان کے مطابق شہریوں اور مسافروں کو کئی برس سے درپیش مشکلات کے پیش نظر منصوبے کا تخمینہ دوبارہ منظوری کے لیے متعلقہ فورم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کینال روڈ کے رکے ہوئے منصوبے کو فوری بحال کرکے عملی طور پر مکمل کیا جائے، کیونکہ مزید تاخیر سے ٹریفک جام، سفری رابطوں اور بڑھتی ہوئی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تجارتی سرگرمیوں کے مسائل مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔