تاریخ اشاعت: March 3, 2026 - 2:41 PM
Lahore Water, Sewerage, and Drainage Services Under Human Rights Scrutiny
صاف پانی کی رسائی اور سیوریج خدمات پر نظرثانی رپورٹ
▫️ ایچ آر سی پی اور یورپی یونین کی رپورٹ میں شہری خدمات میں غیر مساوی رسائی اور انتظامی خلل کی نشاندہی ▫️ موسمیاتی تبدیلی، تیز شہری ترقی اور ناکافی بنیادی وسائل
لاہور: ری نیوز پاکستان ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) اور یورپی یونین (EU) کے اشتراک سے کی گئی ایک تحقیق میں لاہور میں پانی، سیوریج اور نکاسی آب کی خدمات کے نظام میں شدید خامیوں اور شہری حقوق کی پامالی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپ...
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) اور یورپی یونین (EU) کے اشتراک سے کی گئی ایک تحقیق میں لاہور میں پانی، سیوریج اور نکاسی آب کی خدمات کے نظام میں شدید خامیوں اور شہری حقوق کی پامالی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ "لاہور میں پانی اور سیوریج تک شہری رسائی میں محرومیاں" کے عنوان سے جاری کی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ مختلف محکمے غیر مربوط اور متضاد پالیسیوں کے تحت کام کر رہے ہیں، جس سے شہریوں کے لیے مساوی اور حقوق پر مبنی خدمات فراہم کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں مقامی حکومت کی غیر فعال موجودگی نے شفافیت، احتساب اور شہری نمائندگی کے نظام کو مزید کمزور کیا ہے۔
تیز شہری ترقی، غیر منظم توسیع اور ناکافی دیکھ بھال نے پانی اور نکاسی آب کے نظام پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ محفوظ پانی اور صفائی تک رسائی صحت، رہائش اور سیکیورٹی جیسے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ضروری ہے۔ خصوصی طور پر ٹرانس جینڈر افراد اکثر سرکاری عمارتوں میں واش روم استعمال کرنے سے روک دیے جاتے ہیں جبکہ معذور شہریوں کے لیے مناسب سہولیات موجود نہیں ہیں۔
رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلی کو بھی پانی اور نکاسی آب کے نظام پر اثرانداز ہونے والا اہم عنصر قرار دیا گیا ہے، جس میں بارش کے نمونے، شدید موسمی حالات اور بڑھتا ہوا درجہ حرارت شہری نکاسی آب اور سیوریج نیٹ ورک پر دباؤ ڈال رہا ہیں۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ پاکستان میں پانی اور صفائی کے انسانی حقوق کو قانونی شکل دی جائے، کم آمدنی والے اور غیر رسمی بستیوں میں بنیادی سہولیات کی رسائی بڑھائی جائے، پانی کے ضیاع کو کم کیا جائے، صفائی عملے کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنایا جائے اور کمیونٹی کی سطح پر شکایات کا نظام متعارف کرایا جائے۔
واسا لاہور کے مینیجنگ ڈائریکٹر غفران احمد نے رپورٹ کے نتائج سے اختلاف کیا اور بتایا کہ لاہور کے پانی میں آرسینک کی مقدار 20 سے 25 مائیکروگرام فی لیٹر ہے، جو قومی معیار 50 مائیکروگرام فی لیٹر سے کم ہے۔ انہوں نے شہر میں نکاسی آب کی بہتر منصوبہ بندی، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی اور پرانی سیوریج لائنز کی تبدیلی جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
رپورٹ لاہور میں پانی اور صفائی کے شعبے میں مساوی رسائی، پائیداری اور انتظامی شفافیت کے حوالے سے پالیسی سازوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے اہم سوالات پیدا کرتی ہے۔