تاریخ اشاعت: June 29, 2026 - 12:30 PM
LDA City: June 30 Set as Last Date for Plot Owners to Clear Outstanding Dues
ایل ڈی اے سٹی: پلاٹ مالکان کیلئے بقایا واجبات جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر
▫️پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی قرعہ اندازی کے الاٹیز کو 30 جون 2026 تک بقایا جات جمع کرانے کی ہدایت، مقررہ مدت کے بعد سرچارج اور دیگر قواعد کا اطلاق ہوگا
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی قرعہ اندازی کے مطابق واجب الادا اقساط اور دیگر بقایا جات 30 جون 2026 تک لازمی جمع کرائیں، بصورت دیگر متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت سرچارج اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایل ڈی اے کی جانب سے جاری عوامی آگاہی مہم کے مطابق پہلی اور دوسری قرعہ اندازی کے ایسے الاٹیز جن کی اقساط کی مدت 30 جون 2022 تک مکمل ہو چکی تھی، انہیں تمام بقایا جات 30 جون 2026 تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح تیسری اور چوتھی قرعہ اندازی کے الاٹیز، جن کی ادائیگیوں کی مقررہ مدت 31 دسمبر 2024 تک تھی، انہیں بھی بغیر کسی اضافی سرچارج کے 30 جون 2026 تک بقایا جات جمع کرانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
ایل ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی قرعہ اندازی کے وہ الاٹیز جو مقررہ تاریخ تک اپنے واجبات ادا نہیں کریں گے، ان سے یکم جولائی 2026 کے بعد متعلقہ قواعد کے مطابق اصل رقم کے ساتھ سرچارج بھی وصول کیا جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق ایکسٹینشن پالیسی کے تحت بقایا اخراجات جمع کرانے والے اہل الاٹیز کی الاٹمنٹ مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق بحال کی جا سکے گی، جس کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے منصوبے میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔
ایل ڈی اے نے پلاٹ مالکان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آن لائن ادائیگی کا نظام بھی فعال رکھا ہے۔ شہری ایل ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.lda.gop.pk یا ایل ڈی اے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے چالان فارم حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ ادائیگیاں ملک بھر میں الائیڈ بینک، ایم سی بی بینک اور بینک آف پنجاب کی برانچوں میں بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ چالان فارم پر درج تمام معلومات کو احتیاط سے چیک کریں، کیونکہ کسی بھی غلط اندراج کی صورت میں متعلقہ ڈائریکٹوریٹ سے تصدیق کرانا ضروری ہوگا۔
ایل ڈی اے حکام نے کہا ہے کہ بروقت واجبات کی ادائیگی سے نہ صرف اضافی مالی بوجھ سے بچا جا سکتا ہے بلکہ منصوبے کی ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے تمام الاٹیز سے اپیل کی ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد اپنے واجبات ادا کریں تاکہ کسی بھی قسم کی اضافی فیس یا انتظامی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔