تاریخ اشاعت: July 31, 2026 - 4:30 PM
LDA Cracks Down on Illegal Commercial Buildings, Seals 77 Properties Across Lahore
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کریک ڈاؤن، مختلف علاقوں میں 77 املاک سیل
▫️فیصل ٹاؤن، سمن آباد، کینال روڈ، پونچھ روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں کارروائیاں، سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، بیکریاں، کیفے، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے شہر میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 77 املاک سیل کر دی ہیں۔ یہ کارروائیاں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے مختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں کیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق آپریشن کے دوران فیصل ٹاؤن، سمن آباد، کینال روڈ، پونچھ روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں ایسی املاک کو نشانہ بنایا گیا جہاں غیرقانونی کمرشل استعمال کیا جا رہا تھا یا کمرشل فیس کی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 15 املاک سیل کی گئیں، جبکہ سمن آباد، کینال روڈ اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 49 املاک سیل کی گئیں۔ اس کے علاوہ ریکوری آپریشن کے دوران مصطفیٰ ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں مزید 13 املاک کو سربمہر کیا گیا۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، بیکریاں، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، فارمیسیاں، گراسری سٹورز، اسٹیٹ آفس، کلینکس، آٹو ورکشاپس، دکانیں اور مختلف کاروباری دفاتر شامل ہیں، جہاں ضابطہ کار کی خلاف ورزی یا واجبات کی عدم ادائیگی سامنے آئی۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ متعلقہ ٹاؤن پلاننگ ٹیموں نے مختلف مقامات پر کارروائیاں انجام دیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واضح کیا ہے کہ شہر میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور شہری نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔