تاریخ اشاعت: July 25, 2026 - 4:54 PM
LDA DG Inspects Data Darbar and Bhati Chowk Underpass, Reviews Drainage and Safety Measures During Monsoon Rains
ڈی جی ایل ڈی اے کا داتا دربار اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ، مون سون بارشوں میں نکاسی آب اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ
طاہر فاروق کی واسا کو بھاٹی چوک اور سرکلر روڈ پر دو شفٹوں میں ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت، بارشی پانی کے بروقت نکاس پر زور
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے داتا دربار اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ کرتے ہوئے مون سون بارشوں کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں، نکاسی آب کے انتظامات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے منصوبے کی پیش رفت، بارشوں کے باعث درپیش چیلنجز اور جاری حفاظتی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ داتا دربار اور بھاٹی چوک کے اطراف وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، تاہم سروس روڈ، زیر تعمیر ڈرینج ویل اور دیگر ترقیاتی مقامات پر حفاظتی اقدامات مؤثر انداز میں جاری ہیں۔ انڈر پاس کے اطراف ٹریفک کی روانی بھی معمول کے مطابق بلا تعطل برقرار ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام ترقیاتی مقامات پر حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں پر کام کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا بھی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
طاہر فاروق نے بھاٹی چوک اور سرکلر روڈ پر واسا کی ٹیموں کو بارشی پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنانے کے لیے دو شفٹوں میں تعینات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مقام پر پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے تاکہ ٹریفک اور شہری زندگی متاثر نہ ہو۔
دورے کے اختتام پر ڈی جی ایل ڈی اے نے ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی پیش رفت، نکاسی آب کے نظام اور مون سون کے دوران اختیار کی گئی احتیاطی تدابیر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارشوں کے پورے موسم میں مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر متحرک رہیں۔