تاریخ اشاعت: June 22, 2026 - 9:58 AM
LDA DG Tahir Farooq Inspects Ongoing Development Projects in Lahore, Reviews Pace and Quality of Work
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا
▫️ڈی جی ایل ڈی اے نے بھاٹی انڈر پاس پر کام دن رات بلا تعطل جاری رکھنے اور ریلوے وال کی بیوٹیفکیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور داتا دربار توسیعی منصوبے، زیر تعمیر بھاٹی چوک انڈر پاس اور لاہور ریلوے اسٹیشن کے اطراف اربن ری جنریشن کے تحت جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، تعمیراتی معیار، ٹائم لائنز اور آئندہ مراحل سے متعلق بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ داتا دربار توسیعی منصوبے کے تحت پیازہ اور پارکنگ ایریا پر ترقیاتی کام جاری ہیں، جبکہ پیڈسٹرین انڈر پاس کی فنشنگ اور دونوں اطراف سیڑھیوں کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کے معیار کا جائزہ لیا۔
طاہر فاروق نے زیر تعمیر بھاٹی چوک انڈر پاس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ انڈر پاس کے دونوں ریمپس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ منصوبے کے تحت والز، بیرل اور این جے بیرئیر پر کام کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈرینج ویل اور ڈرین پر بھی بیک وقت کام جاری ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ بھاٹی چوک انڈر پاس پر تعمیراتی سرگرمیاں بلا تعطل دن رات جاری رکھی جائیں تاکہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے اور شہریوں کو جلد سفری سہولت فراہم ہو۔
بعد ازاں ڈی جی ایل ڈی اے نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے اطراف جاری اربن ری جنریشن کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا اور اربن ری جنریشن کے تحت جاری کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
حکام کے مطابق ریلوے اسٹیشن کے سامنے بین الاقوامی معیار کا آٹومیٹڈ پارکنگ سسٹم نصب کیا جائے گا، جبکہ پارکنگ ایریا میں ڈانسنگ فاؤنٹین کی فاؤنڈیشن پر بھی کام جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ریلوے اسٹیشن سے سرکلر روڈ تک فساڈ کی اپ گریڈیشن اور یونیفارم سائنیج کا کام کیا گیا ہے، جس سے علاقے کی خوبصورتی اور شہری نظم و نسق میں بہتری آئے گی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ریلوے وال کی بیوٹیفکیشن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور شہری سہولت کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔