تاریخ اشاعت: June 6, 2026 - 12:46 PM
LDA DG Tahir Farooq Visits LDA City, Directs Acceleration of Development Works
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا ایل ڈی اے سٹی کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت
▫️ایل ڈی اے سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں، سٹرکچر پلان روڈ اور نئے بلاکس کے پوزیشن پراسس کا جائزہ لیا
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق نے ایل ڈی اے سٹی کا دورہ کیا اور منصوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور چیف انجینئر ایل ڈی اے بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبے کی موجودہ صورتحال، ترقیاتی کاموں، سٹرکچر پلان روڈ اور مختلف بلاکس میں پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے سٹی سٹرکچر پلان روڈ پر ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ مزید بلاکس کے پوزیشن کے لیے بھی ورکنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایل ڈی اے سٹی میں گھروں کی تعمیر میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے میں رہائش پذیر شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جاری ترقیاتی کام مزید تیز کرنے اور درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران ڈی جی ایل ڈی اے نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے ہمراہ موضع طور وڑائچ کی لینڈ ایکوزیشن کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ایل ڈی اے سٹی میں موضع طور وڑائچ کی لینڈ ایکوزیشن کے لیے قائم ون ونڈو سیل کا دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے پراسس میں درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
طاہر فاروق نے کہا کہ شہریوں کو دستاویزات کی تکمیل میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی اور ادائیگی کا عمل فوری طور پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ایل ڈی اے سٹی اور ریونیو کا عملہ ون ونڈو سیل پر دفتری اوقات میں موجود رہے گا تاکہ ریکارڈ کی فراہمی، دستاویزات کی تکمیل اور دیگر قانونی کارروائی میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا سکے۔