تاریخ اشاعت: June 18, 2026 - 10:45 AM
LDA DG Visits Data Darbar Expansion Project, Orders Acceleration of Work on Bhati Chowk Underpass
ڈی جی ایل ڈی اے کا داتا دربار توسیعی منصوبے کا دورہ، بھاٹی چوک انڈر پاس پر کام تیز کرنے کا حکم
▫️داتا دربار کے اطراف تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک روانی میں بہتری، انڈر گراؤنڈ پیڈسٹرین، پارکنگ ایریا اور ٹوائلٹ بلاک پر فنشنگ ورک کا جائزہ
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق نے داتا دربار توسیعی منصوبے اور زیر تعمیر بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کے معیار، رفتار اور فنشنگ ورک کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور کنٹریکٹر نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس کی والز اور ریمپس پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ این جے بیرئیر پر بھی بیک وقت کام کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ انڈر پاس پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ منصوبے کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو یومیہ بنیاد پر پیش رفت شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
طاہر فاروق نے کنٹریکٹر کو لائٹس، فنشنگ اور ہارٹیکلچر کا ڈیزائن جلد فائنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے معیار اور خوبصورتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے داتا دربار کے پیازہ، انڈر گراؤنڈ پیڈسٹرین، پارکنگ ایریا اور ٹوائلٹ بلاک پر جاری فنشنگ ورک کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ ٹیموں کو کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دی۔
چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے بریفنگ میں بتایا کہ داتا دربار کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے بعد علاقے میں ٹریفک روانی بہتر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے داتا دربار آنے والے زائرین، پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کو بہتر سہولت میسر آئے گی۔