تاریخ اشاعت: July 23, 2026 - 4:36 PM
LDA Directed to Complete Bhati Chowk Underpass and Data Darbar Expansion Works Before Chehlum and Annual Urs
چہلم حضرت امام حسینؓ اور داتا دربار عرس سے قبل بھاٹی چوک انڈر پاس اور داتا دربار توسیعی منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت
وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، فنشنگ ورک، سولر لائٹس، سائنیج اور پیڈسٹرین انڈر پاس کے کام کا جائزہ
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے وائس چیئرمین میاں مرغوب احمد نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ بھاٹی چوک انڈر پاس اور داتا دربار توسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں جاری تعمیراتی اور فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس کا بنیادی تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ فنشنگ ورک تیزی سے جاری ہے۔ انڈر پاس کے اطراف سولر لائٹس نصب کی جا چکی ہیں اور مختلف مقامات پر سائنیج بھی لگائی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی رہنمائی کو بہتر بنایا جا سکے۔
افسران نے بتایا کہ پیڈسٹرین انڈر پاس پر بھی فنشنگ کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے، جبکہ پارکنگ ایریا اور گرین ایریا کی تکمیل کے لیے بھی آخری مراحل میں کام جاری ہے۔
اس موقع پر چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے مون سون بارشوں کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں کو درپیش چیلنجز اور نکاسی آب کے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ حضرت امام حسینؓ کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس سے قبل تمام فنشنگ ورک ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ زائرین اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بارشی پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنانے کے لیے دو شفٹوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انڈر پاس کے اطراف کی سڑکوں کو جلد از جلد کلیئر کیا جائے اور باقی ماندہ کام مقررہ مدت میں مکمل کر کے منصوبہ عوام کے لیے مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔