تاریخ اشاعت: July 22, 2026 - 3:29 PM
LDA Launches Major Crackdown in Lahore, Seals 94 Properties Over Illegal Commercial Use
لاہور میں ایل ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، غیرقانونی کمرشل استعمال پر 94 املاک سیل
▫️ڈیفنس روڈ، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی، مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں کارروائیاں، سکول، ریستوران، کلینکس اور دیگر کاروباری مراکز بھی سیل
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 94 املاک سیل کر دیں۔ کارروائیاں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کے زیر انتظام علاقوں میں کی گئیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق آپریشن کے دوران ڈیفنس روڈ، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی، مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور واجبات کی عدم ادائیگی پر متعدد املاک کے خلاف کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران ڈیفنس روڈ پر 20 جبکہ گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں 30 املاک کو غیرقانونی کمرشل استعمال پر سیل کیا گیا۔ اسی طرح کینال روڈ اور گلشن راوی میں مزید 30 املاک کو غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر سربمہر کیا گیا، جبکہ ریکوری آپریشن کے دوران مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں 14 املاک بھی سیل کر دی گئیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق سربمہر کی گئی املاک میں نجی سکول، بیکریاں، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، فارمیسیاں، گراسری سٹورز، الیکٹرک سٹورز، کلینکس، آٹو ورکشاپس، دفاتر اور دیگر تجارتی مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہری قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیرقانونی تعمیرات اور غیرمجاز کمرشل استعمال کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ شہر میں منظم شہری منصوبہ بندی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔