تاریخ اشاعت: July 28, 2026 - 12:41 PM
LDA Launches Major Crackdown on Illegal Commercial Buildings, Seals 124 Properties and Demolishes Unauthorised Structures
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، مختلف علاقوں میں 124 املاک سیل، متعدد تعمیرات مسمار
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت کارروائیاں جوبلی ٹاؤن، گلبرگ، سمن آباد، گجرپورہ، نیو مسلم ٹاؤن، پونچھ روڈ، نیو گارڈن اور سبزہ زار میں کی گئیں
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں، غیرقانونی لینڈ یوز کنورژن اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 124 املاک سیل کر دیں، جبکہ متعدد غیرقانونی تعمیرات کو بھی مسمار کر دیا گیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں جوبلی ٹاؤن، گلبرگ، نیو گارڈن، سمن آباد، گجرپورہ، نیو مسلم ٹاؤن، پونچھ روڈ اور سبزہ زار سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ جوبلی ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 539 اے پر غیرقانونی لینڈ یوز کنورژن کے باعث قائم تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔
ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق گلبرگ اور نیو گارڈن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 30 املاک کو سیل کیا گیا، جبکہ سمن آباد، گجرپورہ، نیو مسلم ٹاؤن اور پونچھ روڈ پر مزید 72 املاک سیل کی گئیں۔ اس کے علاوہ ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں 22 املاک کو بھی سیل کر دیا گیا۔
ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، شادی ہال، کیفے، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، بیکریز، بیوٹی سیلونز، فارمیسیاں، گراسری سٹورز، ہارڈ ویئر شاپس، کلینکس، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کمرشل مراکز شامل ہیں، جو متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے تھے۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں، قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی تعمیرات اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہری علاقوں میں منظم اور قانونی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔